پی ٹی آئی کا انتخابات ملتوی کرنے کا الزام عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے، الیکشن کمیشن

انتخابات ملتوی نہیں ہورہے، 8 فروری کو الیکشن کروانے کے تمام انتظامات مکمل ہیں،الیکشن کمیشن -فوٹو: فائل

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن پر عائد ہونے والے الزامات عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں،ترجمان الیکشن کمیشن
اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی جانب سے عائد انتخابات ملتوی کرنے کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن پر عائد ہونے والے الزامات عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔ترجمان نے کہا کہ انتخابات ملتوی نہیں ہورہے اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے 8 فروری کو الیکشن کروانے کے تمام انتظامات مکمل ہیں، جس کے تحت ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کا تقرر اور انکی ٹریننگ بھی شروع کر دی تھی جو کہ الیکشن شیڈول کا اہم جز ہے۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ کا مقصد یہ تھا ہک شیڈول کا اعلان ہوتے ہی کاغذات نامزدگی کا اجرا اور درخواستیں وصول کی جاسکیں مگر پی ٹی آئی کی طرف سے ڈی آر اوز اور آر اوز کے تقرر کو چیلنج کیا گیا۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر کمیشن نے غور کیا اور اس حوالے سے جلد ہی آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں الیکشن کمیشن کو کسی بھی طور ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔قبل ازیں چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے پریس کانفرنس میں گزشتہ شب لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے کے بعد کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پہلے دن سے وقت پر انتخابات کے حامی ہیں، جس پٹیشن پر حکم امتناع آیا ہے وہ معاملہ جلد ڈسپوز آف ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے ریٹرننگ افسر جوڈیشل افسران اور عدلیہ سے لیں، سول ججز یا سیشن ججز سے ریٹرننگ افسران لئے جائیں، چیف جسٹس سے اس معاملے پر نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہیں۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ کل تک الیکشن شیڈول آنا چاہیئے تھا، اب لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ الیکشن میں التواء کا جواز نہیں ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں