ایران کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد:نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ایران کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعلقات اور میڈیا کے شعبوں سمیت دوطرفہ ثقافتی تعاون کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین میڈیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ جیسے معاہدے ہماری ثقافت اور روایات کو حقیقی روشنی پیش کرنے میں مدد دیں گے۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں میڈیا کے شعبوں میں تعاون، ثقافتی وفود کے تبادلوں، دوطرفہ باہمی تجارتی تعلقات، ایران ایکسپو 2024ء سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرتضیٰ سولنگی نے ملاقات میں تجارتی و اقتصادی شعبوں بالخصوص ای سی او تنظیم کے دائرہ کار میں باہمی تعاون، مشرق سے مغرب تک راہداری، دونوں ممالک کی بندرگاہوں پر دوطرفہ تعاون اور تہران اسلام آباد تعلقات میں توسیع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے مواقع تلاش کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور ایران گہرے مذہبی، ثقافتی اور لسانی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔مرتضیٰ سولنگی نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں