فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی، نگران وزیراعظم کا نئے سال کی تقاریب پر پابندی کا اعلان

مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ شدید رنج کےعالم میں ہے، انوارالحق کاکڑ –

فلسطین میں خون ریزی روکنے کے لئے پاکستان بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا،نگران وزیراعظم
اسلام آباد: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نئے سال کی تقاریب پر پابندی کا اعلان کر دیا۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خصوصی پیغام میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے بربریت کا سلسلہ جاری ہے، فلسطین کی صورتحال کے باعث پوری قوم رنج وغم میں ہے، فلسطین کے لئے امداد کی 2 کھیپ روانہ کی جاچکی ہیں۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کے لئے سال نو پر تقریبات نہیں ہوں گی، پوری قوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لئے کھڑی ہے، تمام پاکستانی مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں، پاکستانیوں سے اپیل ہے نئے سال پر سادگی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔نگران وزیراعظم نے کہا کہ فلسطین کے لئے امدادی کھیپ کے سلسلے میں اردن اور مصر کے ساتھ رابطے میں ہیں، 7 اکتوبر سے اب تک 20 ہزارسے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، فلسطین میں شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں کی ہے، مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ شدید رنج کےعالم میں ہے۔انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ فلسطین میں خون ریزی روکنے کے لئے پاکستان بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا، اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں نئے سال کا سورج امن وآشتی کا پیغام لے کرطلوع ہو۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں