ہمارے پاس پلان ہے، پیپلز پارٹی عوام کی قسمت بدلے گی، بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی کی حکومت میں کچی آبادی کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دلوائیں گے،سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری-

پیپلز پارٹی ہر حلقے سے جیتنے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے، ہم حکومت بنانے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں،بلاول
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے پاس پلان ہے، پیپلز پارٹی عوام کی قسمت بدلے گی۔ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ذوالفقار میو کو پیپلز پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں، این اے 125 سے پیپلز پارٹی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، پیپلز پارٹی ہر حلقے سے جیتنے کے لیے الیکشن لڑ رہی ہے، ہم حکومت بنانے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نفرت، تقسیم، گالم گلوچ کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، ہم اپنا منشورعوام کے پاس لے کر جائیں گے، کارکن گھر گھر جا کر 10 نکاتی ایجنڈا پیش کریں، ہم اپنے وعدوں کو پورا کریں گے، آپ نے عوام کو سمجھانا ہے، (ن) لیگ، پی ٹی آئی نہیں پیپلزپارٹی عوام کی نمائندگی کرے گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے پاس پلان ہے ہم تنخواہوں کو دگنا کریں گے، ہم غریب طبقے کو مفت بجلی دیں گے، نوجوانوں سے وعدہ ہے مفت اور معیاری تعلیم دلوائیں گے، کشمیر سے لے کر کراچی تک پیپلز پارٹی نے پہلے بھی کام کیا اب بھی کر کے دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چوتھا وعدہ ہر شخص کو مفت علاج کی سہولت دیں گے، یہ (ن) لیگ، پی ٹی آئی کی طرح جھوٹا وعدہ نہیں ہو گا، سندھ کے ہر ضلع کی طرح پنجاب میں بھی مفت علاج کی سہولیات دیں گے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انہوں نے رائے ونڈ میں کوئی دل کا ہسپتال نہیں بنایا، خود لندن سے علاج کراتے ہیں، 8 فروری کو ان کو دل کی تکلیف ہونی ہے، ہم ان کے لیے رائے ونڈ میں دل کا ہسپتال بنائیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنا رہے ہیں، غریب عوام سے وعدہ ہے 30 لاکھ گھربنا کر دوں گا، میرا پیغام پنجاب کی ہر کچی آبادی تک پہنچائیں، پیپلزپارٹی کی حکومت میں کچی آبادی کے لوگوں کو مالکانہ حقوق دلوائیں گے۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب، بانی پی ٹی آئی نے بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے نام کو تبدیل کرنے کی کوشش کی، ہم بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو وسیع کریں گے، مزدوروں کو بےنظیر مزدور کارڈ دلوائیں گے، نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دلوائیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، ہمارا ٹریک ریکارڈ ہے ہم اپنے وعدے پورے کریں گے، پیپلز پارٹی کے منشور کو گھر، گھر لے کر جائیں، نفرت کی سیاست کو دفن کر کے ہم عوام کی قسمت بدلیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں، پیپلز پارٹی کا مقابلہ غربت، مہنگائی، بےروزگاری سے ہے، تیر پر ٹھپہ لگائیں ہم عوام کی خدمت کریں گے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں