قرار داد منظور نہیں، پیپلز پارٹی بروقت اور منصفانہ الیکشن چاہتی ہے، شیری رحمان

ہم بالکل بھی الیکشن میں التواء نہیں چاہتے، سپریم کورٹ میں انتخابات کیلئے 8 فروری کی تاریخ دے دی گئی ہے، شیری رحمان

کراچی: پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سینیٹ کی قرار داد کو بالکل منظور نہیں کیا، بروقت اور منصفانہ الیکشن چاہتے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے واضح کرتی ہوں ہم بالکل بھی الیکشن میں التواء نہیں چاہتے، سپریم کورٹ میں انتخابات کیلئے 8 فروری کی تاریخ دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ملتوی کرنے کی قرارداد صرف 14 سینیٹرز کی موجودگی میں پیش کی گئی، کورم بھی پورا نہیں تھا، ہمارے سینیٹر تنگی نے اس کی مخالفت کی ہے،ان کی مخالفت اگر واضح نہیں تھی تو ان سے پارٹی اس حوالے سے وضاحت مانگے گی۔شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے دس نکاتی چارٹر بھی دیا ہے، ہماری تیاری بھی پوری ہے،جو یہ کہتا ہے کہ سیکورٹی کا ایشو ہے تو پیپلز پارٹی 2007ء میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار رہی، اس کے باوجود ملک میں انتخابات ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم نظریاتی نہ ہوتے تو یہ پریس کانفرنس نہیں ہو رہی ہوتی، میں وضاحت سے کہہ رہی ہوں کہ ملک مشکلات اور بحرانی کیفیت سے گزر رہا ہے، لوگوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، ہم بیروزگاری کے خاتمے کے لئے ہی جدوجہد کررہے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں