اسد قیصر، تیمور جھگڑا سمیت متعدد پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور

این اے 36 ہنگو سے پی ٹی آئی ہنگو کے صدر یوسف خان کی اپیل بھی منظور-

اسلام آباد: الیکشن ٹربیونلز نے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر، تیمور جھگڑا اور سابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارسمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔ہائی کورٹس کے ججوں پر مشتمل الیکشن ٹربیونلز میں ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف امیدواروں کی اپیلوں کی سماعتیں جاری ہیں، اپیلوں کے فیصلوں میں 4 روز باقی ہیں اور 10 جنوری تک تمام فیصلے سنا دیئے جائیں گے۔پشاور میں الیکشن ٹربیونلز نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا کے سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق ایم این اے شیر علی ارباب کی اپیلیں منظور کرلیں۔الیکشن ٹربیونل نے این اے 36 ہنگو سے پی ٹی آئی ہنگو کے صدر یوسف خان کی اپیل بھی منظور کرلی۔پشاور کے تین الیکشن ٹربیونلز نے مجموعی طور پر 38 اپیلوں پر سماعت کی جن میں سے 33 اپیلیں منظور جبکہ چار مسترد کردی گئیں۔راولپنڈی میں آج الیکشن ٹربیونلز میں مجموعی طور پر 51 اپیلیں سماعت کے لیے مقرر تھیں جن میں سے 32 اپیلیں منظور، 10 خارج اور 9 درخواستوں پر نئی تاریخ مقرر کردی گئی، راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل نے حلقہ پی پی 23 چکوال سے فوزیہ بہرام کے کاغذات منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کے اعتراضات مسترد کردیے اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل سربراہ جسٹس مرزا وقاص رؤف نے تحریک انصاف کے تمام امیدواروں سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم عباسی، میجر طاہر صادق، ان کی اہلیہ ناز صادق ، پی پی 15 سے سابق وزیر قانون راجہ بشارت، کرنل اجمل صابر، مرتضیٰ ستی، طارق مرتضی، سیمابیہ طاہر، سابق وزیر راجہ راشد حفیظ کے کاغذات منظور کرکے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی،الیکشن ٹریبونل نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے خلاف بھی ریٹرننگ آفیسر کے اعتراضات مسترد کر دیے اور ان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ اور ان کی اہلیہ کی اپیلوں پر سماعت 8 جنوری تک ملتوی کردی گئیں، الیکشن ٹربیونلز کل اتوار کو چھٹی کے باوجود ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کے خلاف درخواستوں پر سماعت جاری رکھیں گے۔ادھر سندھ میں الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 243 سے پی ٹی آئی کے سبحان ساحل، حلقہ این اے 242 سے امجد آفریدی، پی ایس 113 کے حسنین چوہان، ہالہ سے مخدوم فضل کی اپیلیں منطور کرلیں۔ٹریبونل نے پیپلزپارٹی کے امیدوار رؤف احمد اور آزاد امیدوار حلقہ پی ایس 126 سے رفیعہ حسن، آزاد امیدوار جمال الدین اور دیدار علی، این اے 237 سے فضا ذیشان کی ریٹرننگ افسران کے فیصلے کیخلاف اپیلیں منظور کرلیں۔ادھر لاہور ہائیکورٹ میں ایپلیٹ ٹریبیونل نے پی پی 80 سرگودھا سے مریم نواز کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں