مسلم لیگ ن دہشت کیساتھ پی ٹی آئی کارکنوں سے انتقام لے رہی ہے:بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی آپ کی مدد سے تقسیم کی سیاست کو دفن کر دے گی،بلاول بھٹو زرداری-

آپ مایوس نہ ہوں حالات مشکل ضرور ہیں، ہم نے آج سے پہلے ایسا معاشی بحران نہیں دیکھا،چیئرمین بلاول
لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مسلم لیگ ن دہشت کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنوں سے انتقام لے رہی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے ٹاؤن شپ میں انتخابی حلقے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور کے عوام کے درمیان کھڑے ہو کر عوام کو ایک پیغام بھیجنا چاہتاہوں، آپ مایوس نہ ہوں حالات مشکل ضرور ہیں، ہم نے آج سے پہلے ایسا معاشی بحران نہیں دیکھا، پیپلزپارٹی آپ کی مدد سے تقسیم کی سیاست کو دفن کر دے گی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر دہشت گرد سر اٹھا رہے ہیں، میں آپ کی مدد سے ان کے سر کاٹ دوں گا، لاہور پاکستان کا دل ہے لیکن اس بار لاہور کا دل ٹوٹا ہوا ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والے ملک تقسیم کر رہے ہیں، وہ کہتے ہیں لاہور کیوں آئے ہو، ان کو یہ نہیں پتہ کہ لاہور میرا ہے ان کا نہیں ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جب بینظیر بھٹو پہلی بار وزیراعظم بنیں تو لاہور نے ان کو وزیراعظم بنایا تھا، ماضی میں اگر کسی سازش کے تحت پیپلزپارٹی کو لاہور سے ہٹایا گیا تو نقصان عوام کا ہوا، ہم دوبارہ آئے ہیں تاکہ ایک بار پھر اس ملک کو اکٹھا کریں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کو ان پرانے سیاستدانوں کے حوالے نہیں کر سکتے، یہ ہم پر تنقید کرتے ہیں کہ آپ کی تعداد کم ہے، آپ لاہور کیوں آئے ہیں، یہ اپنے وعدے بھول جاتے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جو کہتی ہے وہ کرتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ انہیں سمجھائیں یہ لاہور میرا ہے ان کا نہیں، ہم اس ملک کو معاشی اور جمہوری بحرانوں سے نکالیں گے، یہ وہ لاہور ہے جس نے شہید بینظیر بھٹو کا تاریخی استقبال کیا، میں خود لاہور سے الیکشن لڑ رہا ہوں، لاہور غیرت مندوں اور وفاداروں کا شہر ہے، ہم لاہور اس لئے آئے ہیں تاکہ اس ملک کو ایک بار پھر کھڑا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور کے شہریوں سے پوچھیں آپ کا اس تنخواہ میں گزارا ہوتا ہے کہ نہیں، عوام کے مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے پیپلزپارٹی کا منشور میں نے اپنے ہاتھوں سے تیار کیا ہے، اگر وفاق کی 17 وزاتیں ختم کرتا ہوں تو 3 سو ارب بچا کر آپ پر خرچ کر سکتا ہوں، 15 ارب اشرفیہ کو دی جانے والی سبسڈی ختم کر کے عوام کو دوں گا، ہم پاکستان کے تمام مسائل کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ سے وعدہ ہے آپ مجھے موقع دیں میں آپ کی تقدیر بدل کر دکھاؤں گا، یہاں کبھی کوئی شو باز مسلط کیا جاتا ہے تو کبھی وسیم اکرم پلس مسلط ہوجاتا ہے، کیا کہیں لکھا ہواہے کہ ان چہروں کو بار بار منتخب کرانا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو میں سولر کے ذریعے 300 یونٹ تک بجلی مفت دوں گا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں ناصرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کروں گا بلکہ خواتین کو قرض بھی دوں گا، میں مزدور کارڈ کے ذریعے مزدوروں کی مالی مدد کروں گا، آپ نوجوانوں کو بتائیں کہ آپ اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، میں نوجوانوں کو یوتھ کارڈ کے ذریعے روزگار دوں گا، عوام مہنگائی ،غربت اور بیروزگاری سے تنگ ہیں، میں یونین کونسل کی سطح پر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کروں گا۔انہوں نے کہا کہ 2ہفتے رہ گئے ہیں آپ محنت کریں انشااللہ جیت آپ کی ہو گی، منتخب ہو کر اپنے وعدے پورے کروں گا، موقع دیا تو آپ کی آمدنی کو دوگنا کر کے دکھاؤں گا، موقع دیں گے تو قائد عوام کے مکان کا وعدہ پورا کر کے دکھاؤں گا۔چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی غریبوں کی جماعت ہے اور رہے گی، بینظیر کا نامکمل مشن آپ کے ساتھ مل کر مکمل کروں گا، پاکستان بھر میں 30 لاکھ گھر بنا کر دکھاؤں گا، ہم کسان کارڈ کے ذریعے کسانوں کو سبسڈی دلوائیں گے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بینظیر بھٹو وزیراعظم بنیں تو پہلا اعلان کیا تھا سیاسی قیدیوں کو رہا کرو، میں وزیراعظم بنا تو فتویٰ لگانے والے اور غداری کا سرٹیفکیٹ دلانے والے کی سیاست کو ختم کروں گا، گالم گلوچ سیاست نہیں ہوتی۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنا سیاست نہیں، ووٹ کو عزت دو کے دعوے دار اپنے نظریئے کو چھوڑ کر سیاست کر رہے ہیں، یہ اپنے نظریئے کو چھوڑ سکتے ہیں ہم اپنے نظریئے کو نہیں چھوڑتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم مل کر پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنائیں گے، ن لیگ پی ٹی آئی کے کارکنوں سے انتقام لے رہی ہے، اس وقت دو جماعتوں کے درمیان سیاسی مقابلہ ہے، سیاست میں اختلافات ہوتے ہیں انہیں ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کیا جاتا، میں ہر کسی کی رائے کا احترام کرتا ہوں اور مذاکرات پر یقین رکھتا ہوں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں