سیاسی مخالفین کے مقابلے میں نوازشریف کی معاشی کارکردگی بہتر قرار

لاہور: سیاسی مخالفین کے مقابلے میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی معاشی کارکردگی کو بہتر قرار دے دیا گیا۔
عالمی مالیاتی خبر رساں ادارے بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران نواز شریف نے بہترین انداز میں معیشت سنبھالی، 30 سال میں سیاسی مخالفین کے مقابلے میں نواز شریف کی معاشی کارکردگی بہترین رہی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی مشکلات میں نواز شریف نے پی ٹی آئی اور پی پی پی سے بہتر کارکردگی دکھائی، “مزری انڈیکس” میں مہنگائی، بےروزگاری اور دیگر معاشی مشکلات کو دیکھا جاتا ہے، معاشی مشکلات کو دیکھ کر کسی حکومت کی معاشی کارکردگی کا تجزیہ اور موازنہ کیا جاتا ہے۔اپنی رپورٹ میں بلوم برگ کا کہنا ہے کہ 1990ء سے اب تک سیاسی حکومتوں کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، بانی پی ٹی آئی اب بھی مقبول سیاستدان ہیں لیکن جیل میں ہیں، نواز شریف 8 فروری کو اقتدار کے لیے تیار دکھائی دیتے ہیں، حالیہ سروے میں بانی پی ٹی آئی کی مقبولیت 57 جبکہ نواز شریف کی 52 فیصد ہے، گزشتہ چھ ماہ میں نواز شریف کی مقبولیت میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے۔بلوم برگ نے رپورٹ میں کہا کہ پاکستان میں مہنگائی 30 فیصد کے قریب ہے، گزشتہ برس فارن ایکسچینج ریزروز انتہائی بری حالت میں تھے، پاکستان اس وقت آئی ایم ایف کے بیل آؤٹ پیکیج پر انحصار کر رہا ہے، آنے والی حکومت کو عوام میں غیرمقبول پالیسیوں کو اختیار کرنا پڑ سکتا ہے، سبسڈیز کا خاتمہ اور ٹیکسوں میں اضافہ کرنا پڑ سکتا ہے، رواں مالی سال میں آئی ایم ایف کو پاکستانی معاشی ترقی 2 فیصد رہنے کی توقع ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام نواز شریف کو شک کا فائدہ دے رہے ہیں، انتخابات جیتنے والی کسی جماعت کے لیے آگے کا سفر آسان نہیں ہو گا، مہنگائی ریکارڈ بلندی پر ہے اور بے روزگاری بڑھ چکی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں