بھارت میں معروف عالم دین سلمان ازہری کو گرفتار کرلیا گیا

مفتی سلمان ازہری جیل سے اپنے حامیوں کو پُرامن رہنے کی ہدایت کر رہے ہیں-فوٹو: بھارتی میڈیا

کربلا کا آخری معرکہ ابھی باقی ہے، کچھ دیر خاموشی ہے پھر شور ہوگا، آج اُن کا وقت ہے، کل ہماری باری آئے گی،پولیس کے بقول یہ جملے دھمکی آمیز اور اشتعال انگیز ہیں جس پر مفتی سلمان ازہری کو دونوں منتظمین سمیت حراست میں لیا گیا ہے
نئی دہلی: بھارت میں معروف اسلامی مبلغ مفتی سلمان ازہری کو اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مفتی سلمان ازہری پر 31 جنوری کو ایک دینی پروگرام کے دوران اشتعال انگیز تقریر کے الزام میں ممبئی میں ان کے گھر سے گرفتار کرکے پہلے مقامی پولیس اسٹیشن اور پھر عدالت سے دو روزہ ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کرکے جونا گڑھ لے گئے۔وکیل عارف صدیقی نے بتایا کہ مفتی سلمان ازہری کو گرفتار کرنے گجرات پولیس ممبئی میں ان کے گھر آئی تھی اور عدالت سے ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کرکے مفتی صاحب کو جوناگڑھ لے گئی جہاں ان کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کا پرچہ کاٹا گیا ہے۔مفتی سلمان ازہری کی گرفتای کے وقت ان کی رہائش گاہ پر حامیوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔
https://www.facebook.com/reel/1121410755695716/?ref=embed_video
اس موقع پر مولانا صاحب نے اپنے حامیوں کو صبر و تحمل سے کام لینے کی ہدایت کی۔مفتی سلمان ازہری کو جب ممبئی کے گھاٹ کوپر پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا تھا تو اس دوران بھی ان کے حامیوں نے تھانے کا گھیراؤ کر لیا تھا جس پر پولیس کی نفری بڑھانی پڑ گئی تھی۔اس دوران مفتی سلمان ازہری نے اپنے حامیوں سے کہا کہ نہ میں مجرم ہوں اور نہ ہی مجھے یہاں کوئی جرم کرنے کے لیے لایا گیا ہے۔ پولیس ضروری تفتیش کر رہی ہے اور میں قانون پسند شہری کی حیثیت سے مکمل تعاون کر رہا ہوں۔ آپ لوگ بھی پُرامن رہیں۔یاد رہے کہ مفتی سلمان ازہری کی جوناگڑھ میں 31 جنوری کو کئی گئی تقریر کے ٹکڑے وائرل ہونے پر اجتماع کے منتظمین محمد یوسف ملک اور عظیم حبیب سمیت سلمان ازہری پر دفعہ 153B اور 505 (2) کے تحت ایف آئی آر کاٹی گئی تھی۔
https://www.facebook.com/reel/960482728985939/?ref=embed_video
پولیس کے مطابق دونوں منتظمین نے یہ کہہ کر پروگرام کی اجازت مانگی تھی کہ مفتی سلمان ازہری کا خطاب مذہب میں نشے کی ممانعت اور اس سے بچاؤ کے بارے میں بیداری پھیلانے پر ہوگا۔پولیس کا کہنا ہے تاہم وائرل ویڈیو میں مولانا سلمان ازہری کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کربلا کا آخری معرکہ ابھی باقی ہے۔ کچھ دیر خاموشی ہے پھر شور ہوگا۔ آج اُن کا وقت ہے، کل ہماری باری آئے گی۔پولیس کے بقول یہ جملے دھمکی آمیز اور اشتعال انگیز ہیں جس پر مفتی سلمان ازہری کو دونوں منتظمین سمیت حراست میں لیا گیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں