نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا پولنگ سٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب کا کام آج مکمل کرنے کا حکم

الیکشن ڈے پر انٹر نیٹ اورموبائل سروس ہر جگہ موجود رہے گی کسی بھی جگہ انٹرنیٹ وموبائل سروس بند نہیں ہو گی، محسن نقوی –

لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولنگ سٹیشنز پر کیمروں کی تنصیب کا کام آج رات 12 بجے تک مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت صوبے میں الیکشن انتظامات کے جائزے سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری ، انسپکٹر جنرل پولیس،صوبائی الیکشن کمشنر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریزلوکل گورنمنٹ و دیگر متعلق حکام نے شرکت کی جبکہ صوبہ بھر کے ڈویژنل کمشنرز،آر پی اوز،ڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب بھر میں پولنگ ڈے سے متعلق سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی، تمام ڈویژنل کمشنرز نے وزیراعلیٰ محسن نقوی اور صوبائی الیکشن کمشنر کو پولنگ ڈے پر انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ الیکشن ڈے پر انٹر نیٹ اورموبائل سروس ہر جگہ موجود رہے گی کسی بھی جگہ انٹرنیٹ وموبائل سروس بند نہیں ہو گی، پولنگ سیٹشنز پر 32ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے کام کو آج رات12بجے تک ہر صورت مکمل کیا جائے، پنجاب حکومت نے سی سی ٹی وی کیمرے خرید کر 1 ارب روپے کی بچت کی ہے جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔نگران محسن نقوی نے کہا کہ ضلعی انتظامی افسران شفاف الیکشن کیلئے فیلڈ میں اپنے فرائض سرانجام دیں، سکیورٹی انتظامات اور نفری،ایس او پیز کے مطابق ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،انہوں نے کنٹرول رومز کو فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کرکے ازالے کا مؤثر میکانزم بنایا جائے، پرامن اور آزادانہ انتخابات قومی ذمہ داری ہے، آپ سب نے ایک ٹیم کے طور پر یہ ذمہ داری ادا کرنی ہے، چیف سیکرٹری،آئی جی اور صوبائی الیکشن کمشنر سے رابطہ رکھا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ 9فروری صبح فجر کے بعد فوری طورپر شہروں کی صفائی شروع کر دی جائے، پولنگ ڈے کے اگلے روز تمام علاقوں سے بینرز اور پوسٹرز ہٹائے جائیں، متعلقہ سیکرٹریز بینرز اور پوسٹرز ہٹانے کے عمل کی نگرانی کریں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 9فروری کی شام کو تمام علاقوں کو کلیئر کرنے کے بعد رپورٹ دی جائے، پولنگ ڈے سے اگلے روز کام شروع کر دیا جائے، تمام شہرصاف ستھرے چاہئیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں