عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر ملک مجرموں کو دینے کیخلاف مزاحمت کریں گے، پی ٹی آئی

عوام کے ووٹ کی حرمت پامال کرنے والوں کا پارلیمان کے اندر اور باہر ہر جگہ پر تعاقب کریں گے-فوٹو: فائل

عوامِ نےعمران خان کو حب الوطنی کا بےمثال سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے ان کی جماعت کو واضح اکثریت سے نوازا ،
اسلام آباد: پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے کہا ہے کہ مسترد شدہ گروہوں کی عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر اقتدار کے لیے بندر بانٹ عوام کی رائے کو جوتے کی نوک پر رکھنے کے برابر ہے۔خبروں کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کور کمیٹی نے کہا ہے کہ 8 فروری کو اپنے ووٹ کے ذریعے پاکستان کے عوام نے اپنی سیاسی و جمہوری پختگی کا سکّہ منوایا، عوامِ نے ووٹ کے ذریعے عمران خان کو حب الوطنی کا بےمثال سرٹیفکیٹ دیتے ہوئے ان کی جماعت کو واضح اکثریت سے نوازا ہے۔
کور کمیٹی نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈال کر پاکستان کو مجرموں کے حوالے کرنے کی غیرجمہوری، غیرقانونی، غیر سیاسی اور غیراخلاقی کوششوں کی ہر سطح پر بھرپور مزاحمت کریں گے، عوام کے مینڈیٹ کی کھلی توہین کرتے ہوئے مسترد شدہ گروہوں کے مابین اقتدار کی شرمناک بندر بانٹ عوام کی رائے اور فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھنے کے مترادف ہے۔کورکمیٹی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے بہیمانہ قتل اور عوام کے ووٹ کی حرمت پامال کرنے والوں کا پارلیمان کے اندر اور باہر ہر جگہ پر تعاقب کریں گی، جس بےرحمی سے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی جارہی ہے اس پر ملک کے اندر ہی سے نہیں بلکہ پوری دنیا سے آوازیں بلند ہورہی ہیں، الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار، اس کی مذموم جانب داریت اور انتخابات کی عدم شفافیت پر جماعتِ اسلامی سمیت قومی سطح کی جماعتیں سنجیدہ ترین سوالات اٹھا رہی ہیں۔اجلاس میں کور کمیٹی نے کہا کہ انتخابات کو آلودہ کرنے اور عوام کے شفاف مینڈیٹ کو پامال کرنے جیسا سنگین جرم کرنے والے آر اوز قوم کے مجرم ہیں، ان کا کڑا محاسبہ عوام کریں گے۔کور کمیٹی میں بتایا گیا کہ مرکز، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومت سازی کی حکمتِ عملی کے لیے خصوصی کمیٹیاں قائم کردی گئیں، کمیٹیوں کی سفارشات اور حکمتِ عملی کی روشنی میں اہم حکومتی اور پارلیمانی عہدوں کے لیے نامزدگیوں کا عمل جلد مکمل کرنے پر اتفاق ہوا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں