نوکری پیشہ افراد پر ٹیکس کم اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا، مفتاح اسماعیل

اسحاق ڈار اگر عوام میں محمد اورنگزیب کو انڈرکٹ نہ کریں تو پھر کام صحیح ہو جائے گا،سابق وفاقی وزیر خزانہ-

لاہور: سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ محمد اورنگزیب وزارت خزانہ کیلئے صحیح آدمی ہیں۔
سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ایک نجی نیوزچینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محمد اورنگزیب کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں، پی آئی اے کی نجکاری کرنا ہوگی، پی آئی اے کی نجکاری سے 100 ارب کا نقصان ختم ہو جائے گا، وزیراعظم کو وزیر نجکاری کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ دکانداروں پر ٹیکس لگانا ہوگا، ریٹیلرز، ہول سیلرز، بڑے ڈاکٹرز سے بھی ٹیکس لینا ہے، نوکری پیشہ افراد پر ٹیکس کو کم کرنا ہوگا، صوبوں کے پیسے کم کرنے سے وفاق میں تھوڑی جان آئے گی۔ سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں ایک گاڑی کے دو ڈرائیور نہیں ہونے چاہئیں، اس ٹائپ کا ہائبرڈ سسٹم نہیں چل سکتا، میں سمجھتا ہوں محمد اورنگزیب بڑے قابل آدمی ہیں، محمد اورنگزیب کے ہاتھ مضبوط کئے گئے تو آئی ایم ایف سے پروگرام کر لیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچھلا پروگرام اسحاق ڈارنہیں شہبازشریف نے آئی ایم ایف سے کیا تھا، اسحاق ڈار سے فارن آفس کے کچھ افسروں کو پریشانی ہوگی، اسحاق ڈار نے میرے خلاف پروگرام شروع کرائے تھے، یاد رکھیں اسحاق ڈارحکومت میں ہے کل کو یہ نہ بول دیں ڈالر220 یا 180 کا ہونا چاہئے۔مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار اگر عوام میں محمد اورنگزیب کو انڈرکٹ نہ کریں تو پھر کام صحیح ہو جائے گا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں