شوگر ملز کو ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی مشروط اجازت

حکومت نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی مشروط اجازت دے دی-فوٹو : فائل

معاہدہ مشروط ہے جس کے تحت چینی کے اسٹاک کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائےگا، ایکس ملز چینی کی قیمت میں کسی صورت اضافہ نہیں کیا جائے گا، کاشت کاروں کی تمام زیر التواء ادائیگیاں ترجیحی بنیادوں پر ادا کی جائیں گی،وفاقی وزیر رانا حسین
اسلام آباد: حکومت نے شوگر ملز کو ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی مشروط اجازت دے دی، مالکان چینی کی دستیابی یقینی بنائیں گے، ایکس ملز چینی کی قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا، کاشت کاروں کو تمام ادائیگیاں کی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت اور پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے جس کے تحت حکومت نے شوگر ملز ایسوسی ایشن کو ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی مشروط اجازت دے دی۔ترجمان وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق وفاقی وزیر رانا حسین نے کہا ہے کہ معاہدہ مشروط ہے جس کے تحت چینی کے اسٹاک کی دستیابی اور قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائےگا، ایکس ملز چینی کی قیمت میں کسی صورت اضافہ نہیں کیا جائے گا، کاشت کاروں کی تمام زیر التواء ادائیگیاں ترجیحی بنیادوں پر ادا کی جائیں گی۔وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ شوگر ایڈوائزری بورڈ چینی کی قیمتوں اور مارکیٹ کے استحکام کا پندرہ روزہ میں دوبارہ جائزہ لے گا، مستقبل میں چینی کی برآمد کا آپشن ملک میں قیمتوں کے استحکام اور اسٹاک کی دستیابی سے منسلک ہوگا۔واضح رہے کہ شوگر ملز مالکان نے 15 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کا مطالبہ کیا تھا۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں