سولر پینل کی درآمد میں 69.5 ارب کی اوور انوائسنگ کا انکشاف، ایف بی آر کی رپورٹ تیار
ایف بی آر کے مطابق دو بڑی کمپنیوں نے 72 ارب83 کروڑ روپے پاکستان سے باہر منتقل کیے-فوٹو: فائل
اسلام آباد: 2017ء سے 2022ء کے دوران سولر پینل کی درآمد میں 69 ارب 50 کروڑ روپے کی اوور انوائسنگ کا انکشاف، ایف بی آر نے رپورٹ تیار کرلی۔ رپورٹ کے مطابق 2017ءسے 2022ء کے دوران سولر پینل درآمد میں 69 ارب 50 کروڑ روپے کی اوور انوائسنگ کا انکشاف ہوا، اوور انوائسنگ 63 درآمد کنندگان کی جانب سے کی گئی۔
ایف بی آر کے مطابق دو بڑی کمپنیوں نے 72 ارب83 کروڑ روپے پاکستان سے باہر منتقل کیے، دو درآمدی کمپنیوں کیخلاف ایف آئی آربھی درج ہے، ان کمپنیوں نے 72.83 ارب روپے کے سولرپینل درآمد کرکے 45.61 ارب روپے میں فروخت کیے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کاغذی طور پر دونوں کمپنیوں کے دفاتر پشاور میں ایک ہی عمارت میں قائم تھے، تحقیقاتی ٹیم موقع پر گئی تو دونوں کمپنیوں کے دفاتر کبھی موجود ہی نہیں تھے، انکم ٹیکس ریکارڈ کے مطابق دونوں کمپنیاں جعلی تھیں جنہوں نے 20.4 ارب پاکستان سے باہر منتقل کیے۔




