طالبان نے مکسڈ مارشل آرٹس کو پُرتشدد اور غیراسلامی قرار دیکر پابندی لگا دی
مکسڈ مارشل آرٹ پُرتشدد کھیل ہے جس سے کھلاڑیوں کی زندگی محفوظ نہیں، طالبان سپورٹس اتھارٹی-
کابل: طالبان حکومت کی اسپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مکسڈ مارشل آرٹس کو پُرتشدد کھیل ہونے کی وجہ سے غیر اسلامی سمجھتے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کی سپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ پابندی وزارتِ امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی کھیل مکسڈ مارشل آرٹس کے اسلامی قانون یا شریعت کے مخالف ہونے کی تحقیق کے بعد لگائی گئی۔طالبان کی سپورٹس اتھارٹی کے ’’اے ایف پی‘‘ کو بھیجے گئے بیان کے مطابق یہ کھیل اسلامی تعلیمات سے متصادم اور شریعت کے بہت سے پہلوؤں کے مخالف پایا گیا ہے کیوں کہ یہ بہت پُرتشدد ہے اور اس میں موت کا خطرہ بھی ہے۔سپورٹس اتھارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کی زندگی کا تحفظ بھی ضروری ہے۔ اس لیے کھیل پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ اس بے حد زیادہ پُرتشدد کھیل سے کھلاڑیوں کو گہری چوٹ لگنے یا موت کا خطرہ بھی لاحق ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ حفاظتی خدشات کے پیش نظر ہی مکسڈ مارشل آرٹ کو اولمپک کھیل کے طور پر تسلیم نہیں کیا گیا ہے۔پیرس میں ہونے والے اولمپک گیمز میں حصہ لینے والے 11 میں سے 4 افغان کھلاڑی مارشل آرٹ کے کھلاڑی تھے۔




