بنگلادیشی کپتان کی پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر وسیم اکرم سے ملاقات کی خواہش
پاکستان کے خلاف جیت سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے اور ہم نےایک تاریخ رقم کی، نجم الحسن شانتو -فوٹو : اے پی
وسیم اکرم کے کھیل اور بولنگ ایکشن کا میں دیوانہ ہوں، میری خواہش تھی کہ دورہ پاکستان کے دوران وسیم اکرم سے ملاقات کروں اور ان سے کچھ گر سیکھوں لیکن یہ ممکن نہ ہو سکا، کپتان بنگلا دیش
راولپنڈی: بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان نجم الحسن شانتو نے پاکستان کرکٹ کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ بالر وسیم اکرم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کر دیا۔راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں جیت اپنے ملک کے عوام کے نام کرتا ہوں، پاکستان کو پاکستان میں شکست دینا زندگی کا تاریخی موقع ہے لیکن ہم پاکستان کی میزبانی سے خوب لطف اندوز ہوئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں بنگلا دیش کے کپتان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کے کھیل اور بولنگ ایکشن کا میں دیوانہ ہوں، میری خواہش تھی کہ دورہ پاکستان کے دوران وسیم اکرم سے ملاقات کروں اور ان سے کچھ گر سیکھوں لیکن یہ ممکن نہ ہو سکا۔بنگلا دیشی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف جیت سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے اور ہم نے تاریخ رقم کی۔




