ترقیاتی منصوبوں کیلیے فنڈز کے عدم اجرا پر سندھ کا وفاق سے رابطہ

وزیراعلیٰ سندھ نے لکھا ہے کہ 50 فیصد وفاق اور 50 فیصد صوبائی فنڈنگ پر وفاق نظرثانی کرے-فوٹو: فائل

خط میں کہا گیاہے کہ ایکنک نے منصوبوں کو سو فیصد وفاقی فنڈز سے مکمل کرنے کے بجائے 50 فیصد وفاقی فنڈنگ کو منظور کیا، ایکنک سے قبل منصوبوں کیلئے سو فیصد فنڈنگ پی ایس ڈی پی میں شامل ہے

اسلام آباد: ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کا اجراء نہ کرنے پر وزیر اعلی سندھ نے وزیر اعظم کو خط لکھ دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاق کے زیر انتظام 19 ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز کا اجراء نہ کرنے پر وزیر اعظم کو تحریر کیے گئے خط میں کہا ہے کہ متعدد بار درخواست کرنے کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔خط میں کہا گیاہے کہ ایکنک نے منصوبوں کو سو فیصد وفاقی فنڈز سے مکمل کرنے کے بجائے 50 فیصد وفاقی فنڈنگ کو منظور کیا، ایکنک سے قبل منصوبوں کیلئے سو فیصد فنڈنگ پی ایس ڈی پی میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے لکھا ہے کہ 50 فیصد وفاق اور 50 فیصد صوبائی فنڈنگ پر وفاق نظرثانی کرے۔

وفاق سے ملنےوالے فنڈز کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے لکھا ہے کہ مالی سال 2020-21ء کے دوران 124 ارب کے 10 منصوبوں کیلئے صرف 2 ارب 47 کروڑ ملے، مالی سال 2021-22ء کے دوران 111 ارب کے 9 منصوبوں کیلئے صرف 4 ارب 19 کروڑ روپے ملے۔اسی طرح مالی سال 2022-23ء کے دوران 99 ارب کے 14 منصوبوں کیلیے صرف 3 ارب 29 کروڑ روپے ملے جبکہ مالی سال 2023-24ء کے دوران 159 ارب کے 19 منصوبوں کیلیے صرف 1 ارب 8 کروڑ ملے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران بھی ابھی تک وفاق کی جانب سے ترقیاتی فنڈز جاری نہیں کیے گئے، فنڈز کے اجرا ءمیں تاخیر کے باعث ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہورہا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے مکتوب میں لکھا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف وزارت منصوبہ بندی کو ہدایات جاری کریں اور ترقیاتی فنڈز جاری کرائے جائیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں