آر آئی یو جے کا پرنٹ میڈیا بچاؤ تحریک کا آغاز
پہلا مظاہرہ 18 اکتوبر بعد نماز جمعہ 92 نیوز آفس زیرو پوائنٹ کے سامنے کیا جائے گا
اسلام آباد (غفران چشتی)آر آئی یو جے نے پرنٹ میڈیا بچاؤ تحریک کا آغاز کر دیا ہے ،اس سلسلے میں پہلا احتجاجی مظاہرہ 18 اکتوبر کو بعد نماز جمعہ 92 نیوز آفس زیرو پوائنٹ کے سامنے کیا جائے گا ۔آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک اور جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری نے احتجاجی مظاہرے کے حوالے سے پارلیمنٹ کی پریس گیلری میں وہاں موجود رپورٹروں کو آگاہ کیا اور احتجاجی مظاہرے میں صحافیوں کو شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کے نائب صدر احمد خان ،آر آئی یو جے کے ایگزیکٹو ممبران علی اختر ،رانا فرحان اسلم ،غفران چشتی اور صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک نے کہا کہ اخباری مالکان صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو نکال رہے ہیں اور اشتہارات پورے وصول کر رہے ہیں۔ ہم ان ناانصافیوں کے باوجود اشتہار نہیں لینے دیں گے۔ان برطرفیوں کو روکنے کے لئے کل ہماری پرنٹ میڈیا بچائو تحریک کا پہلا باقائدہ مظاہرہ ہے ۔پرنٹ میڈیا کو بچانے کے لئے تمام صحافیوں کا فرض ہے کہ اس میں شریک ہوں۔آر آئی یو جے کے سیکرٹری آصف بشیر چوہدری نے کہا کہ اگلی باری ٹی وی چینلز کی ہو سکتی ہے،سب مل کر ان برطرفیوں کے خلاف احتجاج کریں۔ان کا کہنا تھا کہ میڈیم ایک بار پھر تبدیل ہو رہا ہے۔ آر آئی یوجے اسی ماہ تربیتی ورکشاپس کرائے گی جن میں سوشل میڈیا چلانے کی ٹریننگ دی جائے گی۔انہوں نے بھی تمام صحافیوں سے کل کے مظاہرے میں شرکت کی اپیل کی۔اس موقع پر پریس گیلری میں موجود پی آر اے کے عہدیداروں اور رپورٹروں نے کل کے مظاہرے میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔




