کوئٹہ :ریلوے اسٹیشن پر دھماکہ،خاتون سمیت21افراد جاں بحق اور 50 سے زیادہ زخمی
کوئٹہ سے 2 ٹرینیں روانہ ہونی تھی ، دونوں ٹرینوں کے مسافر پلیٹ فارم پر موجود تھے-فوٹو: سوشل میڈیا
کوئٹہ : (جاگیرنیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر دھماکا ہوا ہے جس میں 20 افراد جاں بحق جبکہ50 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں جاں بحق افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ چکے ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے ، بم ڈسپوزل سکواڈ موقع سے شواہد اکٹھے کررہا ہے۔ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ بھی ریلوے سٹیشن پہنچ گئے جہاں ان کا کہنا ہے کہ دھماکہ بظاہر خود کش لگ رہا ہے، دھماکہ اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس سے جانے کے لئے مسافروں کی بڑی تعداد پلیٹ فارم پر موجود تھی۔دھماکے کے پیش نظر سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ طبی امداد کے لئے اضافی ڈاکٹرز اور عملہ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق آج کوئٹہ سے 2 ٹرینیں روانہ ہونی تھی جس میں چمن پیسینجر چمن اور جعفر ایکسپریس نے پشاور جانا تھا، دونوں ٹرینوں کے مسافر پلیٹ فارم پر موجود تھے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ واقعہ قابل مذمت، معصوم افراد کو نشانہ بنانے کا تسلسل ہے، دہشتگردوں کا ہدف اب عام معصوم افراد ، مزدور بچے اور خواتین ہیں، معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد قابل رحم نہیں، دہشت گرد انسان کہلوانے کے لائق نہیں، انسانیت سے گر چکے ہیں اور حیوانوں سے بد تر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں، ان تک بھی پہنچیں گے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، بلوچستان سے دہشت گردوں کا قلع قمع کریں گے۔
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، قائمقام صدرنے کوئٹہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی اظہار افسوس کیا ہے۔قائمقام صدر نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں، انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا اور جاں بحق افراد کے ایصال ثواب، ورثاء کیلئے صبر جمیل، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔




