لوئرکرم میں مسافرگاڑیوں پر مسلح افراد کی فائرنگ ، 38 افراد جاں بحق

مسلح افراد نے پشاور سے پاراچنارجانے والے کانوائے میں شامل مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا ،متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک

لوئر کرم: (جاگیرنیوز) خیبرپختونخوا میں لوئر کرم کے علاقے اوچت میں مسلح افراد نے مسافر گاڑیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 38 ہو گئی جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
مسلح افراد نے پشاور سے پاراچنارجانے والے کانوائے میں شامل مسافر گاڑیوں کو نشانہ بنایا ، مسافر گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 38 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈی پی او کرم کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے باعث زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو رضا کار اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا، جبکہ سکیورٹی حکام نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔صدر مملکت آصف زرداری نے ضلع کُرّم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ سے 38 افراد کے کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم نہتے مسافروں پرحملہ انتہائی بزدلانہ عمل ہے۔صدر نے اپنے بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ اس واقعے کے ذمے داروں کوکیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔دریں اثنا وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ضلع کرم میں شرپسندوں کی معصوم شہریوں بشمول خواتین اور بچوں کے قافلے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیرِاعظم نے حملہ آوروں کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے امن کے دشمنوں نے معصوم شہریوں کے قافلے پر حملہ کیا جو حیوانیت کے مترادف ہے، ملک دشمن عناصر کے وطن عزیز کے امن کو تباہ کرنے کی تمام تر مزموم کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعے میں ملوث شر پسند عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں مثالی سزا دی جائے گی، تخریب کار ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے بہادر پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ضلع کرم کے علاقے اوچت میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ، تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں