حج درخواستوں کی تاریح میں توسیع ہو گی یا نہیں ، فیصلہ منگل کو ہوگا
ریگولر حج سکیم کے تحت قسطوں میں اخراجات کی وصولی کے سبب ماضی سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں
اسلام آباد:(جاگیر نیوز) سرکاری حج سکیم کی درخواستوں کی تاریخ میں توسیع کا امکان ہے ، جس کا فیصلہ منگل کو ہوگا۔
مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے 54 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو گئیں، سرکاری سکیم میں حج درخواستوں کی وصولی کا کل آخری دن ہے جبکہ رات تک حج درخواستیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ترجمان نے بتایا کہ کل 3 دسمبر تک سرکاری حج سکیم کا کوٹہ مکمل ہونے کاامکان ہے، ریگولر حج سکیم کے تحت قسطوں میں اخراجات کی وصولی کے سبب ماضی سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا تھا کہ درخواستیں مکمل ہونے کے فوراََ بعد حج پروازوں کے شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی، پروازوں کے شیڈول کے مطابق مدینہ منورہ میں رہائشیں حاصل کی جائیں گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں رہائش، خوراک اور ٹرانسپورٹ اور مکاتب کی پروکیورمنٹ مکمل کی جائے گی، سمندر پار پاکستانی 3 دسمبر تک سپانسرشپ بھجوا کر سکیم میں شمولیت یقینی بنائیں۔




