سول ڈیفنس کا بنیادی مقصد عوامی خدمت، ہنگامی حالات میں فوری امداد اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے،راجہ زاہد آصف
سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوامی خدمت کے دائرہ کار کو وسعت دی جا سکے،ڈویژنل وارڈن راجہ زاہد آصف
راولپنڈی:( جاگیرنیوز ) سول ڈیفنس ریزیلینس کور مری کے رضاکاروں کا اہم اجلاس مقامی دفتر میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈویژنل وارڈن ے کی۔
اجلاس میں رضاکاران کو ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر رسپانس کے لیے عملی رہنمائی فراہم کی گئی۔ڈویژنل وارڈن راجہ زاہد آصف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس کا بنیادی مقصد عوامی خدمت، ہنگامی حالات میں فوری امداد اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیشِ نظر رضاکاران کو ہر وقت الرٹ رہنا چاہیے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ رضاکاران سول ڈیفنس کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مری کے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ راجہ زاہد آصف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سول ڈیفنس کو جدید تقاضوں کے مطابق مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ عوامی خدمت کے دائرہ کار کو وسعت دی جا سکے۔اجلاس میں صدر سٹیزن فورم مری اور ممبر امن کمیٹی ضلع مری ندیم اخلاص نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں سول ڈیفنس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ملک و قوم کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر قاری راشد نواز عباس نے خصوصی دعا کرائی جس میں ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، اتحادِ امت اور پاک افواج کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔اجلاس میں سول ڈیفنس کے متعدد رضاکاران نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی خدمات کو مزید بہتر بنانے اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ سول ڈیفنس کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔




