صوبوں کا قیام: آئینی ترامیم اور ریفرنڈم سے آئین میں ترمیم نہیں کی جا سکتی، آئینی اور پارلیمانی طریقۂ کار اختیار کرنا ہوگا، نیر بخاری

کسی بھی آئینی ترمیم کے لیے پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت لازمی ہے،ریفرنڈم کے ذریعے آئین میں ترمیم نہیں کی جا سکتی،نیر بخاری

پنجاب کی نمائندگی کرنے والے وفاقی وزراء پارلیمان سے باہر نئے صوبوں کے قیام کی تجاویز دے رہے ہیں، ان وزرا سے سوال ہے کہ وہ اس معاملے کو وفاقی کابینہ میں زیر بحث کیوں نہیں لاتے؟،نیر بخاری

دنیا کے 162 ممالک میں اختیارات مرکز کے پاس ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام اور اختیارات کی تقسیم کے معاملے پر واضح آ ئینی مؤقف، وفاقی اکائیوں کے حقوق اور عوامی رائے کو سامنے رکھنا ضروری ہے

نیوز ڈیسک

اسلام آباد:(جاگیر نیوز) سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیر حسین بخاری نےنئے صوبوں کے قیام، آئینی ترامیم اور ریفرنڈم کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئین سازوں نے آئینی ترامیم کے طریقۂ کار کو آئین میں واضح طور پر متعین کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی آئینی ترمیم کے لیے پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت لازمی ہے۔ریفرنڈم کے ذریعے آئین میں ترمیم نہیں کی جا سکتی، ریفرنڈم کے انعقاد کے لیے بھی آئینی اور پارلیمانی طریقۂ کار اختیار کرنا ہوگا۔نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ کرنے کا آئینی فورم صرف پارلیمان ہے، پارلیمان میں تو نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کوئی باضابطہ بحث ہی نہیں ہو رہی انہوں نے مزید کہا ہے کہ اگر آئین کے مطابق نئے صوبے قائم کیے جاتے ہیں تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ نیر بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی نمائندگی کرنے والے وفاقی وزرا پارلیمان سے باہر نئے صوبوں کے قیام کی تجاویز دے رہے ہیں۔ ان وزرا سے سوال ہے کہ وہ اس معاملے کو وفاقی کابینہ میں زیر بحث کیوں نہیں لاتے؟انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا واضح مؤقف ہے کہ عوامی رائے کا احترام کیا جائے۔ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق فیصلہ منتخب پارلیمان کے ارکان نے آئین کے مطابق کرنا ہے۔کسی سیاسی جماعت نے نئے صوبوں کے قیام کو اپنے انتخابی منشور کا بنیادی نکتہ بنا کر انتخابات میں حصہ نہیں لیا۔ اس لیے اس اہم قومی اور آئینی معاملے کو سیاسی بیانات اور پارلیمان سے باہر بحث تک محدود نہیں رکھنا چاہیے۔نیر بخاری نے سوال اٹھایا کہ ہمارے ملک میں نئے صوبوں کی بحث چھیڑنے والے کہیں وفاقیت کے موجودہ ڈھانچے سے نکلنے کی راہ تو ہموار نہیں کرنا چاہتے؟، ملک کے انتظامی اور آ ئینی ڈھانچے سے متعلق کسی بھی فیصلے میں پارلیمان کی بالادستی، آئینی تقاضوں، وفاقی اکائیوں کے حقوق اور عوامی رائے کو بنیادی اہمیت حاصل ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریفرنڈم جنرل ضیاء الحق کے دور کے طرز پر نہیں ہونا چاہیے، نئے صوبوں کے حوالے سے ریفرنڈم میں سوال کیا ہوگا؟ کیا عوام سے ملک میں نئے صوبے بنانے کے بارے میں پوچھا جائے گا یا ہر صوبے کی مزید تقسیم کے بارے میں رائے لی جائے گی؟۔نیر بخاری نے مزید کہا ہے کہ دنیا کے 162 ممالک میں اختیارات مرکز کے پاس ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام اور اختیارات کی تقسیم کے معاملے پر واضح آ ئینی مؤقف، وفاقی اکائیوں کے حقوق اور عوامی رائے کو سامنے رکھنا ضروری ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں