زیتون:خود انحصاری کا سبز خواب
تحریر:حمید علی
پاکستان میں زیتون کی کاشت کے حوصلہ افزا نتائج بلاشبہ ایک خوش آئند پیش رفت ہیں۔ یہ کامیابی محض ایک نئی فصل کی آزمائش یا چند علاقوں میں باغات کی افزائش تک محدود نہیں بلکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی زرعی زمینوں میں ابھی بے شمار ایسے امکانات موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ ایک ایسے ملک کے لیے جہاں خوردنی تیل کی ضروریات پوری کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر درآمدات کرنا پڑتی ہیں وہاں زیتون کی کامیاب کاشت ایک امید افزا معاشی امکان بن کر سامنے آئی ہے۔ یہ پیش رفت ہمیں اس سمت میں سوچنے کی دعوت دیتی ہے کہ آخر کب تک ہم اپنی بنیادی ضروریات کے لیے بیرونی منڈیوں کے محتاج رہیں گے۔پاکستان میں زیتون کی کاشت کے تجربات نے خصوصاً پوٹھوہار کے خطے میں نمایاں حوصلہ افزا نتائج دیے ہیں۔ چکوال, اٹک اور جہلم کے علاقوں میں زیتون کے باغات کی کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ ہماری زمین اور آب و ہوا میں اس قیمتی فصل کی افزائش کی گنجائش موجود ہے۔ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بھی زیتون کی کاشت کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔ یہ کامیابی اس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ پاکستان کے بعض ایسے خطے جہاں روایتی فصلوں سے خاطر خواہ آمدنی حاصل کرنا مشکل ہے وہاں زیتون ایک متبادل زرعی اور معاشی سرگرمی بن سکتا ہے۔ تاہم اس کامیابی کو مستقل اور وسیع پیمانے پر جاری رکھنے کے لیے مقامی آب و ہوا کے مطابق موزوں اقسام اور جدید زرعی طریقوں کا انتخاب ضروری ہے۔زیتون کی کاشت کو خوش آئند قرار دینے کی ایک بڑی وجہ اس کی طویل المدتی معاشی افادیت ہے۔زیتون کا درخت ایک مرتبہ مناسب طریقے سے نشوونما پا جائے تو کئی دہائیوں تک پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آج لگایا جانے والا باغ آنے والے برسوں میں کسان کے لیے مستقل آمدنی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ بالخصوص پوٹھوہار جیسے علاقوں میں جہاں بارانی زراعت کو موسمی تبدیلیوں اور بارشوں کی غیر یقینی صورت حال کا سامنا رہتا ہے وہاں زیتون کے باغات زرعی معیشت کو ایک نئی جہت دے سکتے ہیں۔ اگرچہ ابتدائی برسوں میں باغ کی دیکھ بھال اور سرمایہ کاری درکار ہوتی ہے لیکن طویل مدت میں اس کے معاشی فوائد نمایاں ہو سکتے ہیں۔اس پیش رفت کا سب سے اہم پہلو پاکستان کی معاشی خود انحصاری ہے۔ ہمارا ملک ہر سال خوردنی تیل کی بڑی مقدار بیرون ملک سے درآمد کرتا ہے۔ اس مد میں قیمتی زرمبادلہ خرچ ہوتا ہے جو پہلے ہی دباؤ کا شکار قومی معیشت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔ عالمی منڈی میں قیمتوں کا اضافہ۔ ڈالر کی قدر میں تبدیلی اور بین الاقوامی سپلائی میں رکاوٹیں براہ راست ہماری معیشت اور عام صارف کی قوت خرید کو متاثر کرتی ہیں۔ ایسے حالات میں مقامی سطح پر زیتون کی پیداوار بڑھانا ایک دانش مندانہ قدم ہے۔ اگر ہم اپنی موزوں زمینوں کو زیتون کے باغات میں تبدیل کرنے اور اس سے حاصل ہونے والے تیل کی تجارتی پیداوار میں اضافہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں تو درآمدی خوردنی تیل پر انحصار بتدریج کم کیا جا سکتا ہے۔یہاں یہ حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ زیتون کی ملکی پیداوار فی الحال خوردنی تیل کی مجموعی قومی ضرورت کا مکمل متبادل نہیں بن سکتی۔ لیکن معاشی خود انحصاری کا سفر بھی ایک ہی جست میں طے نہیں ہوتا۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم ہر اس شعبے میں مقامی پیداوار بڑھائیں جہاں ہمارے پاس قدرتی وسائل اور صلاحیت موجود ہے۔ زیتون اسی قومی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ بن سکتا ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف درآمدات میں کمی لانے کی راہ ہموار ہو گی بلکہ زرمبادلہ کی بچت بھی ممکن ہو گی۔ بچنے والا سرمایہ ملکی صنعت۔ زرعی تحقیق اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔زیتون کی کاشت کے نتائج کو مزید حوصلہ افزا بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اسے صرف پھل کی پیداوار تک محدود نہ رکھیں۔ اصل معاشی فائدہ اس وقت حاصل ہو گا جب پاکستان میں زیتون سے معیاری تیل نکالنے کے جدید کارخانے قائم ہوں گے۔ مقامی سطح پر پراسیسنگ پیکنگ،برانڈنگ اور مارکیٹنگ کا نظام ترقی کرے گا۔ اس سے ایک مکمل صنعتی سلسلہ وجود میں آئے گا جس میں کسانوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروباری افراد۔ صنعت کاروں اور ہنرمند نوجوانوں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ زیتون کے تیل کے علاوہ اچار اور دیگر مصنوعات کی تیاری بھی زرعی پیداوار کی معاشی قدر میں اضافہ کر سکتی ہے۔اس ضمن میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کسانوں کو معیاری پودے اور جدید زرعی رہنمائی فراہم کرے۔ زیتون کی کاشت کے لیے موزوں علاقوں کی سائنسی بنیادوں پر نشاندہی کی جائے اور کسانوں کو ابتدائی سرمایہ کاری کے لیے آسان قرضے دیے جائیں۔ تیل نکالنے کے مراکز کو کسانوں کی دسترس میں لایا جائے تاکہ انہیں اپنی پیداوار دور دراز شہروں تک لے جانے کے اخراجات برداشت نہ کرنا پڑیں۔ اس کے ساتھ ساتھ مقامی زیتون کے تیل کے معیار کی جانچ اور منصفانہ قیمتوں کا نظام بھی ضروری ہے۔ جامعات اور زرعی تحقیقی اداروں کو مقامی ماحول کے مطابق بہتر اقسام اور زیادہ پیداوار کے حصول پر تحقیق جاری رکھنی چاہیے۔


