وزیراعظم شہباز شریف کی بین الاقوامی کانفرنس کیلئے جنیوا روانگی
اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف بین الاقوامی کانفرنس کیلئے جنیوا روانہ ہوگئے، وفاقی وزراء بلاول بھٹو، اسحاق ڈار، شیری رحمٰن اور مریم اورنگزیب بھی ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف 9 جنوری کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ہمراہ ’’کلائمیٹ ریسیلینٹ پاکستان‘‘ کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی شریک صدارت کے لیے اتوار کو جنیوا روانہ ہوئے۔
کانفرنس میں پاکستان بحالی اور تعمیر نو کے لیے فریم ورک ویژن کا خاکہ پیش کرے گا اور اس پر عمل درآمد کے لیے عالمی حمایت اور طویل المدتی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا جائے گا۔
اعلیٰ سطحی اجلاس کےافتتاحی حصے میں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی کے بارے میں سرکاری دستاویز کی نقاب کشائی کی جائے گی، اور شراکت داروں کے تعاون کے اعلانات کو نمایاں کیا جائے گا۔وزیراعظم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس اسٹیک آؤٹ بھی کریں گے۔
کئی ممالک اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں، فاؤنڈیشنز اور فنڈز کے رہنما اور اعلیٰ سطحی نمائندوں کی کانفرنس میں شرکت کی توقع ہے۔
قبل ازیں اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ساتھ بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کے لیے آج جنیوا جارہا ہوں، سیلاب متاثرین کا مقدمہ دنیا کے سامنے پیش کریں گے، ان اقدامات پر بھی روشنی ڈالوں گا جو حکومت نے متاثرین کی بحالی کے لیے اٹھائے۔
انہوں ںے کہا کہ ترقی کے شراکت داروں اور دوست ممالک کے سامنے بحالی اور تعمیر نو کا جامع فریم ورک پلان رکھیں گے، بنیادی ڈھانچے اور معیشت کی بحالی کے لیے فنڈنگ کے فرق کو پورا کرنا کلیدی حیثیت رکھتا ہے، دنیا کی تاریخ میں انسانیت ایک موڑ پر ہے، آج کے اقدامات آنے والی نسلوں کے لچک دار مستقبل کی تشکیل کریں گے، تباہی سے متاثر ہونے والے لاکھوں پاکستانی واپسی کے لیے ہمدردی اور یکجہتی کے خواہاں ہیں۔