ڈسکوز کی کارکردگی پر چیئرمین نیپرا کا اظہار مایوسی
کراچی، چیئرمین نیپرا توصیف حسن فاروقی نے پاکستان بھر میں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔چیئرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) توصیف حسن فاروقی نے کراچی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کے ای سمیت پاکستان بھر میں پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی کارکردگی پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کے ای‘ نجی ادارہ ہونے کے ناتے دیگر ڈسکوز کے مقابلے میں بہتر ہے جو ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نقصانات کو 40 فیصد سے کم کر کے 15.5 فیصد تک لایا ہے لیکن سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ’کے ای‘ بجلی کی پیداوار کو بہتر نہیں بناسکا۔
چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور مقابلہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، ٹیکنالوجی پہلے سے موجود ہے لیکن مقابلہ کہیں نظر نہیں آرہا، ’کے ای‘ کی اجارہ داری جولائی 2023ء تک ختم ہو جائے گی اور سی ٹی بی سی ایم کراچی کے تاجروں کو اجازت دے گا کہ وہ اپنی بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنے پاور پلانٹس لگا کر یا اپنی مرضی سے کسی اور پاور پروڈیوسر سے بجلی حاصل کر سکیں۔