ترسیلات زر میں ماہانہ اورسالانہ بنیادوں پربالترتیب 3.2 اور 19 فیصد کمی
اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے گزشتہ ماہ(دسمبر)کے دوران بھجوائی جانے والی ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر3.2 فیصد کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر 19 فیصد کمی کا انکشاف ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق دسمبر 2022ء میں اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے2 ارب ڈالر کی ترسیلات زر پاکستان بھجوائی گئی ہیں جو کہ اس پچھلے مہینے بھجوائی جانیو الی ترسیلات زر کے مقابلے تین اعشاریہ دو فیصد کم ہیں جبکہ سالانہ بنیادوں پر پچھلے مالی سال کے دوران دسمبر کے مقابلے میں گذشتہ ماہ(دسمبر)بھجوائی جانے والی ترسیلات زر میں19 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق اسی طرح رواں مالی سال3-2022ء کی پہلی ششماہی(جولائی تا دسمبر) کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر میں 11.1فیصد کمی واقع ہوئی ہے اور رواں مالی سال کی پہلی ششماہی(جولائی تا دسمبر) کے دوران اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے14.1 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائی گئی ہیں ۔
اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ(دسمبر2022ء)کے دوران سعودی عرب میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے سب سے زیادہ ترسیلات زر بھجوائی گئی ہیں۔
اعدادوشمار میں بتایاگیا کہ سعودی عرب میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے 51کروڑ 63لاکھ ڈالر، یو اے ای میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے32 کروڑ 87لاکھ ڈالر،برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے31 کروڑ 42لاکھ ڈالر جبکہ امریکہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے23 کروڑ 5لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائی گئی ہیں۔