قومی اسمبلی میں نگران سیٹ اپ کے لیے واپس جاسکتے ہیں،عمران خان
لاہور:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں نگران سیٹ اپ کے لیے واپس جاسکتے ہیں، شہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں.
لاہور میں سینئر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں نگران سیٹ اپ کے لیے واپس جاسکتے ہیں، شہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کرلیا ہے، ن لیگ کے ایم این اے رابطے میں ہیں، پہلے ان کا ٹیسٹ کریں گے اور پھر شامل کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت کے لوگ بری طرح پھنس گئےہیں، اسحق ڈار نے پٹرول بڑھانا تھا لیکن نہیں بڑھایا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ق لیگ کا مستقبل تحریک انصاف کے ساتھ ہے، ق لیگ بلے کے نشان پر لڑے گی تو ان کی جیت ہوگی، میں بھی چاہتا ہوں کہ اتحاد والا کام ختم ہو۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ہارنے کی وجہ تنظیمی کمزوری ہے، اور اس کے ساتھ پیپلزپارٹی کی دھاندلی بھی شامل ہے۔