گال ٹیسٹ کا پہلا روز، سری لنکا کے 242 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ،شاہین آفریدی کی 3 وکٹ

گال:پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے گال ٹیسٹ کا پہلا روز ختم ہوگیا، آ ئی لینڈرز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا لئے۔

سری لنکا نے پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیتا اور بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کے خلاف سری لنکا کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری تھی جب نشان مدوشکا کو 4 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے آؤٹ کیا تھا، اس وکٹ کے ساتھ شاہین آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کیں۔

بارش کے وقفے کے بعد میچ کا دوبارہ آغاز ہوتے ہی شاہین آفریدی نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کر لی، انہوں نے کوشال مینڈس کو 12 رنز پر آؤٹ کیا، تیسری وکٹ بھی شاہین شاہ آفریدی کے حصہ میں آئی، شاہین نے کرونارتنے کو 29 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستان کیلئے چوتھی وکٹ 54 کے سکور پر نسیم شاہ نے حاصل کی جب انہوں نے دنیش چندیمل کو 1 رن پر کیچ آؤٹ کرایا، سابق کپتان اینجیلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا نے 131 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا تاہم میتھیوز 64 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے۔

میچ آخری سیشن میں سری لنکا کی چھٹی وکٹ آغا سلمان کے حصے میں آئی جس نے سدیرا سمارا وکرما کو 36 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی جبکہ دھننجایا ڈی سلوا 94 رنز کی اننگز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، سری لنکا میں ہمیشہ چیلنجنگ کنڈیشز ہوتی ہیں، اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، شاہین شاہ آفریدی کی واپسی سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔

گال میں کھیلا جانے والا یہ ٹیسٹ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ25 ۔2023ء میں پاکستانی ٹیم کا پہلا ٹیسٹ ہے، دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔

گال ٹیسٹ کیلئے قومی سکواڈ میں بابراعظم ( کپتان )، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، امام الحق، نسیم شاہ، نعمان علی، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) ، شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل اور شان مسعود شامل ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں