پشاور اور اسلام آباد کے صحافیوں کے درمیان دوستی میڈیا کپ کا انعقاد
پشاور کے صحافیوں نے مقررہ 15 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے
اسلام آباد:(جاگیرنیوز)پشاور اور اسلام آباد کے سپورٹس جرنلسٹس کے درمیان دوستی میڈیا کپ کے پہلے میچ میں کے پی سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلٹس ایسوسی ایشن کو 71رنزسے ہرادیا۔
حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جانے والے میچ میں کے پی سپورٹس رائٹرز کے کپتان عاصم شیراز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا پشاور کے صحافیوں نے مقررہ 15 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے۔ محمد یوسف نے 115 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگ کھیلی، شاہد آفریدی 53 اور ارشد یوسفزئی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جواب میں اسلام آباد سپورٹس رائٹرز ایسوسی ایشن کی ٹیم مقررہ پندرہ اوورز میں 135 رنز بناسکی۔ اسلام آباد کی طرف سے جاوید خان 43 رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، محسن علی 19 اور ایاز اکبر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کے پی سپورٹس رائٹرز کی طرف سے ارشاد علی اور بلال آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہد آفریدی اور امجد خان کے حصے میں ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر سینئر سپورٹس جرنلسٹ امجد عزیز ملک میچ کے مہمان خصوصی تھے، خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر کاشف الدین سید اور پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری طیب عثمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔




سینئر سپورٹس جرنلسٹ امجد عزیز ملک کا کہنا تھا کہ پشاور اور اسلام آباد کے سپورٹس جرنلسٹس کے درمیان کرکٹ میچ ایک اہم قدم ہے، محدود اوورز کے اس میچ کے انعقاد کا مقصد سپورٹس جرنلسٹس کو ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی جانب راغب کرنا اور تفریح کا موقع فراہم کرنا ہے۔ آخر میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ دوستی میڈیا کپ کا اگلا میچ اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔




