امریکی صدر کا بیان گمراہ کن، جوہری اثاثے عالمی معیار کے مطابق محفوظ ہیں: وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جوزف بائیڈن کے جوہری اثاثے سے متعلق بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے ہمارے جوہری اثاثے عالمی معیار کے مطابق محفوظ ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ میں واضح طور پر دہراتا ہوں کہ پاکستان ایک ذمہ دار جوہری ریاست ہے اور ہمیں فخر ہے ہمارے جوہری اثاثے عالمی معیار کے مطابق محفوظ ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایٹمی پروگرام سے متعلق امریکی صدر کے بیان کو حقائق کے برعکس اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ وزیر اعظم نے امریکی صدر کے بیان پر کہا کہ کہ گزشتہ دہائیاں ثبوت ہیں کہ پاکستان انتہائی ذمہ دار جوہری ریاست ہے، جوہری پروگرام موثر تکنیکی اور فول پروف کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے زیر انتظام ہے، جوہری ہتھیاروں کی صلاحیت سے متعلق پاکستان نے ہمیشہ نہایت ذمہ دارانہ کردار کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عدم پھیلاؤ، سلامتی وتحفظ پر عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی۔اے۔ای۔اے) سمیت عالمی معیارات کے اپنے پختہ عہد کو پورا کیا ہے، عالمی امن کو اصل خطرہ عالمی مروجہ اقدار کو پامال کرنے والی بعض ریاستوں، انتہا پسند قومیت پسندی، غیرقانونی قبضوں کے خلاف جدوجہد کرنے والوں کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کے امن کو اصل خطرہ سرفہرست جوہری ممالک کے درمیان اسلحہ کی دوڑ سے ہے، دنیا کے امن کو اصل خطرہ ان ممالک سے ہے جہاں جوہری سلامتی سے متعلق باربار حادثات ہوئے.
انہوں نے کہا کہ دنیا کے امن کو اصل خطرہ سلامتی کے ان اتحادوں سے ہے جن کی تشکیل سے علاقائی توازن متاثر ہو رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوستی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دنیا جب بڑے بڑے مسائل اور مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی حقیقی صلاحیت کو پہچاننے کے لئے خالص اور پائیدار کوششیں نہایت ناگزیر ہیں اس مقصد کے لئے غیرضروری بیانات سے پرہیز کیا جائے.