راولپنڈی کی 25 یونین کونسلز میں خصوصی پولیو مہم کا آغاز

پنجاب میں پولیو ماحولیاتی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے31 مستقل ماحولیاتی مقامات قائم کیے گئے ہیں

راولپنڈی:( جاگیرنیوز) راولپنڈی سے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کے پیش نظر، پنجاب ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ضلع کی 25 یونین کونسلز میں خصوصی پولیو ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بات اتوار کو جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہی گئی۔ سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی ڈاکٹر احسان غنی نے بتایا کہ یہ تین روزہ مہم پیر 14 جولائی سے شروع ہو رہی ہے جس میں پانچ سال سے کم عمر کے 1,24,000 سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔متاثرہ یونین کونسلز جزوی یا مکمل طور پر اُن ماحولیاتی مقامات میں شامل ہیں جہاں سے نمونے لیے جاتے ہیں، یہ علاقے راولپنڈی سٹی اور ٹیکسلا تحصیلوں میں واقع ہیں جہاں خیبر پختونخوا اور افغانستان سے آنے والی پولیو سے متاثرہ آبادی کی آمدورفت جاری رہتی ہے۔ ڈاکٹر احسان غنی کا کہنا تھا کہ پولیو سے نمٹنے کے لیے مہم کا مقصد ہر بچے تک پولیو ویکسین پہنچانا ہے تاکہ بچوں کی قوت مدافعت مضبوط ہو سکے۔پنجاب میں پولیو ماحولیاتی نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے 19 اضلاع میں 31 مستقل ماحولیاتی مقامات قائم کیے گئے ہیں جن میں لاہور، ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، بہاولپور، رحیم یار خان، فیصل آباد، سرگودھا، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، خانیوال، اٹک، گجرات، جھنگ اور میانوالی شامل ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں