ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کا شادن لنڈ، تونسہ شریف اور گرد و نواح کے علاقوں کا دورہ
تونسہ شریف پہنچنے پر انجمن تاجران اور کاروباری تنظیموں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کا پرتپاک استقبال کیااور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں
ڈیرہ غا زیخان: (جاگیرنیوز):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے شادن لنڈ، تونسہ شریف اور گرد و نواح کے علاقوں کا دورہ کیا۔
پارکس، ٹی ایچ کیو ہسپتال،جنرل بس سٹینڈ پر فراہم سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کی صورتحال بھی چیک کی، دکانداروں سے براہِ راست ملاقاتیں کی اور گھروں کے دروازوں پر دستک دے کر صفائی عملہ کی حاضری اور کارکردگی کے بارے معلومات حاصل کیں. چیف آفیسر ضلع کونسل جواد الحسن،اے سی ندیم ہاشمی اور دیگر افسران موجود تھے۔ تونسہ پہنچنے پر انجمن تاجران اور کاروباری تنظیموں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کلمہ چوک، سنگھڑ لنک روڈ، ریڑھی بازار اور میونسپل سروسز کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور بہتری کے لیے احکامات جاری کیے۔ایم سی آفس تونسہ میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ صفائی کے معیاری نظام کے قیام میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ صفائی عملہ یونیفارم میں ملبوس ہو اور تمام علاقوں میں معیاری صفائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سنگھڑ لنک روڈ کو ماڈل روڈ بنایا جا رہا ہے۔تونسہ شہر کی خوبصورتی کیلئے کام کیا جائے گا جبکہ کلمہ چوک پر جاذبِ نظر ریڑھی بازار قائم کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آئے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تونسہ کا دورہ کرتے ہوئے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ڈیوٹی روسٹر کے مطابق ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری، صفائی، سکیورٹی اور مفت ادویات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے علاج معالجے کی سہولیات اور عملہ کے رویے سے متعلق بھی استفسار کیا۔




