خیبرپختونخوا اسمبلی: ذوالفقار علی بھٹو کو قومی شہید کا درجہ دینے کی قرار داد منظور
قرارداد میں سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی، جمہوری اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے،قرارداداحمدکنڈی نے پیش کی
پشاور:(جاگیرنیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی نے ذوالفقار علی بھٹو کو قومی شہید کا درجہ دینے کی قرار داد منظور کرلی
قرار داد پاکستان پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی، جمہوری اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کی مضبوط، جمہوری اور عوامی بنیاد رکھنے میں تاریخی کردار ادا کیا، ان کی خدمات قومی تاریخ کا روشن باب ہیں اور ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو سرکاری سطح پر قومی شہید کا درجہ دیا جائے۔

قرارداد کی ایک نقل وفاقی حکومت کو ارسال کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ اس مطالبے پر باضابطہ غور کیا جا سکے۔احمد کنڈی نے کہا کہ بھٹو کی ملک کے لیے کی گئی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، انہوں نے پاکستان کے لیے وہ بنیادیں رکھیں جنہوں نے قوم کو نئی سمت دی۔




