پی ایس بی کا قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے 115 ڈالر یومیہ الاؤنس کا اعلان
ٹیم کی روانگی سے قبل یہ ادائیگیاں جاری کی جائیں، پی ایس بی نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کردی
کپتان عماد بٹ نے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی کا شکریہ ادا کیاہے
اسلام آباد:(جاگیر نیوز)پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے اعلان کیا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو یومیہ 115 ڈالرز الاؤنس ادا کیا جائے گا۔ پی ایس بی نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے ۔جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی محمد یاسر پیرزادہ نے کہا کہ یومیہ الاؤنس کی منظوری حکومت کی جانب سے منظور شدہ بجٹ کے مطابق دی گئی ہے اور یہ فیصلہ ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کی شرکت پر لاگو ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود پی ایس بی نے مختلف مدات سے بچنے والی رقوم کو ازسرِنو مختص کرکے غیر ملکی دورے کے لیے ادائیگیوں کا انتظام کیا، تاکہ کھلاڑیوں کے لیے بہتر انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل مختلف امور پر ہونے والی بات چیت کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکاری بجٹ کے تحت منظور کی گئی نئی شرح مناسب ہے۔اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ یومیہ الاؤنس کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ پاکستان ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ پرو لیگ کے دوسرے مرحلے میں 10 فروری کو آسٹریلیا، 11 فروری کو جرمنی، 13 فروری کو ایک بار پھر آسٹریلیا اور 14 فروری کو جرمنی کے خلاف میدان میں اترے گی۔




