میلسی: 12 سالہ بچے سے مبینہ بدفعلی کی کوشش، ملزم کی عدم گرفتاری پر متاثرہ خاندان کا احتجاج
مقدمہ درج ہوئے ایک ماہ گزر چکا ہے،پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا،کمسن بیٹے کے لیے انصاف چاہتے ہیں اور کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کریں گے
وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او وہاڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا میرٹ پر نوٹس لے کر ملزم کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے، تفتیشی عمل کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اورہمیں تحفظ فراہم کرتے ہوئے انصاف دیاجاۓ،متاثرہ خاندان کی پریس کانفرنس
کرائم رپورٹر:طارق منیر
میلسی (جاگیر نیوز) میلسی پولیس ملزم سےملی بھگت کرکے صلح کرنے پر مجبور کر رہی ہے اورملزم پارٹی کی جانب سےمتاثرہ خاندان کودھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں .
تفصیلات کے مطابق موضع ویرسی واہن کی رہائشی مقدمہ نمبر 307/26 تھانہ صدر میلسی کی مدعیہ نادیہ مائی نے اپنے خاوند غلام عباس اور بچوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ 25 سالہ شاہنواز نے ان کے 12 سالہ بیٹے سلمان کے ساتھ مبینہ بدفعلی کی کوشش کی، جس کا مقدمہ تھانہ صدر میلسی میں درج ہے۔نادیہ مائی کے مطابق مقدمہ درج ہوئے ایک ماہ گزر چکا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تفتیشی افسر محمد یعقوب انہیں ملزم سے صلح کرنے پر مجبور کر رہے ہیں اور مبینہ طور پر ملزم سے قسم دلوا کر معاملہ ختم کرنے کا کہا جا رہا ہے۔متاثرہ خاتون نے مزید الزام عائد کیا کہ ملزم پارٹی کی جانب سے انہیں دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، جس کے باعث وہ اور ان کا خاندان شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے کمسن بیٹے کے لیے انصاف چاہتے ہیں اور کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کریں گے۔نادیہ مائی، ان کے خاوند غلام عباس اور اہل خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور ڈی پی او وہاڑی سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کا میرٹ پر نوٹس لیا جائے، ملزم کو قانون کے مطابق گرفتار کیا جائے، تفتیشی عمل کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرہ خاندان کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے انصاف دیاجاۓ۔




