سیف گیمز کے لئے5.7 ارب روپے کے اسپورٹس انفراسٹرکچر پیکیج کی منظوری

سی ڈی ڈبلیو پی نے پاکستان میں آئندہ ہونے والے سیف گیمز کے لیے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن اور ترقی کے جامع منصوبوں کی منظوری دے دی

منصوبوں کی مجموعی تخمینہ لاگت 5.7 ارب روپے ہے، اس خطیر سرمایہ کاری سے نہ صرف سیف گیمز کے کامیاب اور مؤثر انعقاد میں مدد ملے گی بلکہ پاکستان کی کھیلوں کی برادری کے لیے ایک دیرپا اور مثبت ورثہ بھی قائم ہوگا

وزارت منصوبہ بندی کمیشن اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے منظور شدہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور تکمیل کو یقینی بنائے گی، محی الدین احمد وانی

رپورٹ:نعیم روحانی
اسلام آباد:(جاگیر نیوز)پاکستان میں 27سال کے طویل عرصہ بعد ساؤتھ ایشن گیمز ہونے جا رہی ہیں جس میں بھارت نے بھی شرکت کی حامی بھرلی ہے۔ پاکستان سیف گیمز کی میز بانی کے لیے تیار ہے۔ سیف گیمز منعقدکرانےکے لئےمرکزی ترقیاتی ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے پاکستان میں آئندہ ہونے والے سیف گیمز کے لیے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن اور ترقی کے جامع منصوبوں کی منظوری دے دی۔ منصوبوں کی مجموعی تخمینہ لاگت 5.7 ارب روپے ہے۔سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن و وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی زیر صدارت ہوا، جس میں سیف گیمز کے انعقاد کے لیے کھیلوں کی سہولیات کی بہتری سے متعلق مختلف منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں منظور کیے گئے ترقیاتی پیکیج کے تحت پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کی مختلف کھیلوں کی سہولیات کو بڑے پیمانے پر اپ گریڈ کیا جائے گا، جبکہ دیگر شہروں میں موجود کھیلوں کی سہولیات کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد کھیلوں کے مراکز کے معیار، فعالیت اور تیاری کو بہتر بنانا ہے تاکہ سیف گیمز کے دوران کھلاڑیوں اور شریک ٹیموں کو معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) محی الدین احمد وانی نے سی ڈی ڈبلیو پی کی جانب سے 5.7 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری کو ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے وزیراعظم اور پلاننگ کمیشن کی جانب سے پاکستان میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے فراہم کی جانے والی قیادت اور تعاون کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ۔محی الدین احمد وانی کا کہنا تھا کہ 5.7 ارب روپے کے انفراسٹرکچر پیکیج کی منظوری سیف گیمز کے کامیاب انعقاد کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد اور ملک بھر میں دیگر کھیلوں کی سہولیات کی جامع اپ گریڈیشن سے پاکستانی کھلاڑیوں اور مہمان ٹیموں کو معیاری سہولیات فراہم ہوں گی، جبکہ ان جدید سہولیات سے سیف گیمز کے بعد بھی پاکستانی کھیلوں کو طویل عرصے تک فائدہ پہنچے گا۔سیکریٹری آئی پی سی نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی کمیشن اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے منظور شدہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد اور تکمیل کو یقینی بنائے گی، تاکہ سیف گیمز کے تقاضوں کے مطابق تمام کھیلوں کے مقامات کو مقررہ وقت پر تیار کیا جا سکے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں