ایشین گیمز: باکسنگ میڈل کی امیدیں دو مرد اور دو خواتین پر ٹک گئی ہیں
پاکستان کی توجہ وطن عزیز میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز پر مرکوز ہو چکی ہے، ایشین گیمز 2028ء کے اولمپکس کے راستے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے،
رپورٹر:عبدالمالک
پاکستان فیڈریشن کے سیکرٹری عرفان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فیڈریشن اپنی تیاریوں کے حصے کے طور پر ایک آل پاکستان یا نیشنل چیمپئن شپ کا انعقاد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔انہوں بتایا کہ باکسنگ میں دو خواتین اور دو مردوں سے بھر پور امید ہے کہ وہ انشاء اللہ میڈل حاصل کریں گے۔ سیکرٹری نے باکسر قدرت اللہ کے لاپتہ ہونے کا ذکر بھی کیا، جو گلاسگو میں کامن ویلتھ گیمز کے بعد قومی دستے کے ساتھ واپس لوٹنے میں ناکام رہے۔20 سالہ باکسر، جو گیمز میں مردوں کے 60 کلوگرام زمرے میں شمالی آئرلینڈ کے جیوڈ گیلاگھر سے ہار گئے تھے، دستے کی روانگی کے طے شدہ وقت سے کچھ دیر قبل کھلاڑیوں کی رہائش گاہ میں واقع اپنے کمرے سے غائب ہو گئے، باوجود اس کے کہ معمول کے طریقہ کار کے مطابق ان کا پاسپورٹ ٹیم کے سربراہ کی تحویل میں تھا۔پاکستانی باکسنگ کو متاثر کرنے والا یہ پہلا کیس نہیں ہے ۔ دو باکسر سلیمان بلوچ اور نذیر اللہ خان 2022ء کے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کے بعد لاپتہ ہو گئے تھے، جبکہ باکسر زوہیب رشید 2024ء میں اٹلی میں اولمپک کوالیفائنگ ایونٹ کے دوران غائب ہو گئے تھے۔عرفان نے کہا کہ قدرت اللہ کے معاملے میں اندرونی تحقیقات جاری ہیں تاہم انہوں نے کھلاڑی کے ملٹری سے تعلق کا حوالہ دیتے ہوئے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کر دیا۔عرفان نے جذباتی انداز میں کہا، “جس بات کا مجھے دکھ ہے وہ یہ ہے کہ میں اس لڑکے کو باکسنگ میں لایا جب وہ کوئٹہ کے ایک کیفے میں پراٹھے بنایا کرتا تھا اس نے میری محنت کو ضائع کیا۔”انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، میں نے اس پر بہت محنت کی، اسے چیمپئن لیول کا باکسر بنایا ۔ وہ میری اولمپک امید تھا۔ جب ایسا کوئی شخص آپ کو دھوکہ دیتا ہے تو دل ٹوٹ جاتا ہے۔میں نے فوج میں شمولیت اختیار کی، 10-11 سال باکسنگ کی، اور باکسنگ کو اپنا سب کچھ دیا۔ اور جب کوئی اتنی محنت کرتا ہے اور پھر ایسا ہوتا ہے تو بہت دکھ ہوتا ہے۔ان مشکلات کے باوجود، عرفان کھیل کے مستقبل کے بارے میں پرامید رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی توجہ اب اگلے سال اپریل میں وطن عزیز میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز پر مرکوز ہو چکی ہے، جبکہ ایشین گیمز 2028ء کے اولمپکس کے راستے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ٹیم افتتاحی تقریب سے دو دن پہلے 17 ستمبر کو جاپان کے لیے روانہ ہونے والی ہے۔




