اسلام آباد،راولپنڈی غیر یقینی صورتحال:انڈر 17 چیمپئن شپ 2026ء ملتوی، پی ایف ایف کااعلان
تمام شریک کھلاڑیوں، آفیشلز اور دیگر متعلقہ افراد کی حفاظت اور بہبود پی ایف ایف کی اولین ترجیح ہے،چیمپئن شپ میں پاکستان بھر سے 11 صوبائی اور علاقائی ٹیموں نے شرکت کرنا تھی،ترجمان پی ایف ایف
چیمپئن شپ کی نئی تاریخوں کا اعلان صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مناسب وقت پر کیا جائے گا،ملکی فٹبال کو بحال اور مضبوط بنانے، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھانے اور ملک بھر میں نوجوانوں کی فٹبال ترقی کے لیے ایک مضبوط نظام تشکیل دینے کی کوششوں کا حصہ ہے،ترجمان پی ایف ایف
سپورٹس رپورٹر
اسلام آباد:(جاگیرنیوز)پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اعلان کیا ہے کہ پی ایف ایف انڈر 17 چیمپئن شپ 2026ء، جو اسلام آباد میں 23 ستمبر سے 4 اکتوبر 2026 تک منعقد ہونا تھی، ملتوی کر دی گئی ہے۔
یہ فیصلہ اسلام آباد اور راولپنڈی پر مشتمل جڑواں شہروں میں موجودہ غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ تمام شریک کھلاڑیوں، آفیشلز اور دیگر متعلقہ افراد کی حفاظت اور بہبود پی ایف ایف کی اولین ترجیح ہے۔چیمپئن شپ میں پاکستان بھر سے 11 صوبائی اور علاقائی ٹیموں نے شرکت کرنا تھی: پنجاب پوٹھوہار، پنجاب روہتاس، سندھ مہران، سندھ انڈس، بلوچستان ہنگول، بلوچستان بولان، کے پی کے ہمالیاز، کے پی کے خیبر، گلگت بلتستان قراقرم، آزاد جموں و کشمیر نیلم اور اسلام آباد مارگلہ۔یہ چیمپئن شپ پی ایف ایف کی جانب سے ملکی فٹبال کو بحال اور مضبوط بنانے، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھانے اور ملک بھر میں نوجوانوں کی فٹبال ترقی کے لیے ایک مضبوط نظام تشکیل دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔چیمپئن شپ کی نئی تاریخوں کا اعلان صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مناسب وقت پر کیا جائے گا۔




