فیفا آسیان کپ 2026ء : بہتر ٹیموں کے خلاف خود کو آزمانا چاہتے ہیں، ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو

قومی ٹیم فیفا آسیان کپ کے افتتاحی میچ میں تھائی لینڈ کے خلاف چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، بھرپور کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، کپتان عبداللہ اقبال

سپورٹس ڈیسک

بینڈونگ:(جاگیرنیوز): پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو اور کپتان عبداللہ اقبال نے کہا ہے کہ قومی ٹیم فیفا آسیان کپ کے افتتاحی میچ میں تھائی لینڈ کے خلاف چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان میچ ہفتہ کو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔ یہ پاکستان کی مردوں کی فٹبال ٹیم کا کسی باقاعدہ فیفا ٹورنامنٹ میں پہلا میچ ہوگا، جہاں قومی ٹیم کو عالمی رینکنگ میں خود سے کہیں بہتر پوزیشن رکھنے والی ٹیموں کے خلاف اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔میچ سے قبل پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے کہا کہ پاکستان اس ٹورنامنٹ کو تھائی لینڈ، فلپائن اور ویتنام جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف خود کو آزمانے کے ایک اہم موقع کے طور پر دیکھ رہا ہے۔انہوں نے کہا، ’’ہمارے لیے یہاں موجود ہونا اعزاز کی بات ہے اور ہم جانتے ہیں کہ یہ ایک مشکل مقابلہ ہوگا۔‘‘پاکستان نے رواں سال جون میں مالدیپ میں ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ جیت کر 74 سال بعد اپنا پہلا آزادانہ فٹبال ٹورنامنٹ ٹائٹل حاصل کیا تھا، تاہم فیفا آسیان کپ میں قومی ٹیم کو اس سے کہیں زیادہ سخت امتحان کا سامنا ہوگا۔سولانو نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے تمام حریف انتہائی مضبوط ہیں اور ان کے پاس بہترین کھلاڑی موجود ہیں۔ ایشیائی فٹبال میں مسلسل بہتری آرہی ہے، اس لیے یہ پاکستان کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم بتدریج ترقی کر رہی ہے اور مرحلہ وار آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ’’ہم ایک قومی ٹیم کی حیثیت سے خود کو ثابت کرنے کی کوشش کریں گے اور دیکھیں گے کہ اس مقابلے میں ہم کہاں تک جا سکتے ہیں۔‘‘ پاکستانی ٹیم کے کپتان عبداللہ اقبال نے کہا کہ فیفا آسیان کپ قومی کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے اور اعلیٰ معیار کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا بہترین موقع ہے۔انہوں نے کہا، ’’ہمارے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ ہم اپنے سے مختلف اور بلند سطح کی ٹیموں کے خلاف مقابلہ کریں۔ ہم اپنی بھرپور کوشش کریںگے۔‘‘پریس کانفرنس سے قبل پاکستان ٹیم نے ٹورنامنٹ کے لیے باضابطہ تربیتی سیشن میں حصہ لیا، جبکہ آذربائیجان میں کھیلنے والے پاکستانی دفاعی کھلاڑی عیسیٰ سلیمان بھی اسکواڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں