پی ایف ایف انڈر 17 چیمپئن شپ: پہلے روز سنسنی خیز مقابلے،خیبر کی شاندار فتح، بولان کی زبردست واپسی
پہلے روز کے پی کے خیبر کا پنجاب پوٹھوہار کو 3-0 سے شکست دے کر فاتحانہ آغزا، بلوچستان بولان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پنجاب ہڑپہ کی 2گول کی برتری کو برابری میں تبدیل کردیا
سپورٹس رپورٹر:نعیم روحانی
اسلام آباد:(جاگیر نیوز)پاکستان فٹبال فیڈریشن کی قومی انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026ء کے پہلے روز کے پی کے خیبر نے پنجاب پوٹھوہار کو 3-0 سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا، جبکہ بلوچستان بولان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے پنجاب ہڑپہ کی جیت کو2- 2گول سے میچ برابری میں تبدیل کر دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا سنسنی خیز اور اینڈ ٹو اینڈ مقابلہ جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں چیمپئن شپ کے پہلے روز کو بھرپور انداز میں دلچسپ بنا دیا۔

پہلے میچ میں خیبر کو فتح کے لیے پنجاب پوٹھوہار کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جس نے ابتدائی لمحات میں کھیل پر غلبہ حاصل کیے رکھا اور زیادہ جارحانہ انداز میں آغاز کیا۔تاہم، وقت گزرنے کے ساتھ خیبر نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کرنا شروع کی۔ مضبوط مڈفیلڈ اور ونگز پر تیز رفتار کھیل نے خیبر کو بتدریج برتری دلائی۔خیبر کی برتری 15ویں منٹ میں اس وقت قائم ہوئی جب عباس نے گول کرکے اپنی ٹیم کو آگے کردیا۔

پوٹھوہار نے مقابلہ جاری رکھا، تاہم خیبر کی مڈفیلڈ میں مضبوط موجودگی اور ونگز سے مسلسل خطرناک حملوں نے انہیں دباؤ میں رکھا۔میچ کے آخری لمحات میں خیبر نے فیصلہ کن وار کیا۔ عاطف نے 88ویں اور 90ویں منٹ میں دو گول کرکے خیبر کی برتری 3-0 کردی اور اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی۔
دن کے دوسرے میچ میں پنجاب ہڑپہ اور بلوچستان بولان کے درمیان مقابلہ بالکل مختلف انداز اختیار کرگیا، جہاں کھیل نے دوسرے ہاف میں مکمل طور پر نیا رخ اختیار کیا اور دونوں ٹیموں نے 2-2 سے پوائنٹس تقسیم کیے۔پہلے ہاف میں ہڑپہ کا کھیل پر واضح کنٹرول رہا اور انہیں اس کا بھرپور صلہ پہلے ہاف کے انجری ٹائم میں ملا۔حسین نے 45+2ویں منٹ میں ہڑپہ کو برتری دلائی، جبکہ صرف دو منٹ بعد فیضان نے گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری 2-0 کردی۔لیکن دوسرے ہاف میں بلوچستان بولان ایک بالکل مختلف ٹیم کے طور پر میدان میں اتری۔بولان نے ہمت نہ ہارنے والے جذبے کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا اور ان کے حملوں میں زیادہ شدت اور مقصدیت نظر آئی۔ مقابلہ مسلسل اینڈ ٹو اینڈ رہا، لیکن دوسرے ہاف میں بولان زیادہ خطرناک اور پُرعزم نظر آیا۔ان کی محنت کا صلہ 53ویں منٹ میں ملا جب ذوہیب نے گول کرکے خسارہ 2-1 کردیا۔بولان نے دباؤ برقرار رکھا اور 70ویں منٹ کے قریب ہڑپہ پر مسلسل حملے کیے۔بالآخر 70ویں منٹ میں بولان کو پنالٹی ملی، جسے کلیم اللہ نے کامیابی سے گول میں تبدیل کرتے ہوئے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔اس کے بعد بھی کھیل میں شدت کم نہ ہوئی۔دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کی تلاش جاری رکھی۔ ہڑپہ نے جوابی حملوں کے ذریعے مواقع پیدا کیے، جبکہ بولان مسلسل دباؤ ڈالتا رہا۔ دونوں جانب سے فتح کے مواقع ضائع ہوئے، لیکن کوئی ٹیم فیصلہ کن گول نہ کر سکی۔

یوں مقابلہ 2-2 کے ایک سنسنی خیز ڈرا پر ختم ہوا، لیکن اس وقت تک یہ میچ چیمپئن شپ کے پہلے روز کو وہ رنگ دے چکا تھا جس کی کسی بھی بڑے مقابلے سے توقع کی جاتی ہے۔اینڈ ٹو اینڈ فٹبال، دو گول کے خسارے سے شاندار واپسی اور دونوں جانب سے مسلسل حملوں نے چیمپئن شپ کے پہلے ہی روز مقابلے کی شدت اور غیر یقینی کیفیت کی جھلک دکھا دی۔بولان اور ہڑپہ نے پوائنٹس تو تقسیم کرلیے، لیکن دونوں ٹیموں نے مل کر چیمپئن شپ کو خوب گرما دیا اور آنے والے دنوں کے لیے ایک شاندار ماحول قائم کردیا۔




