راولپنڈی پولیس کی بے مثال کارگردگی : اغوا شدہ لڑکی سات دن میں بازیاب، اہل خانہ کے حوالے

مغویہ لڑکی کے پاس موبائل فون بھی موجود نہیں تھا، اس لیے اس اندھے اغوا کو ٹریس کرنا پولیس کے لیے ایک چیلنجنگ امر تھا،تفتیشی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا

سب انسپکٹر محسن شبیر کی اس جرأت مندانہ اور فرض شناس کارروائی پر اے ایس پی دانیال خان اور ایس ایچ او تھانہ نیو ٹاؤن عاطف ستار نے انہیں شاباش دی اور تعریفی اسناد کے لیے نامزد کرنے کا عندیہ دیا

بیورچیف:شیخ ظہیراحمد

راولپنڈی (جاگیرنیوز):تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اغوا کا ایک پیچیدہ اور اندھا مقدمہ محض سات روز میں ٹریس کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غریب سبزی فروش کی بازیاب شدہ بیٹی کو قانونی کارروائی اور دفعہ 164 کے بیانات قلمبند کروانے کے بعد بخیر و عافیت والدین کے سپرد کر دیا۔ تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود سے ایک غریب سبزی فروش کی بیٹی کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کر لیا تھا۔ چونکہ مغویہ لڑکی کے پاس موبائل فون بھی موجود نہیں تھا، اس لیے اس اندھے اغوا کو ٹریس کرنا پولیس کے لیے ایک چیلنجنگ امر تھا۔ تاہم مقدمہ نمبر 1728 بجرم 365 کے تحت تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے سب انسپکٹر محسن شبیر نے انتہائی جانفشانی اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا۔
تفتیشی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔ ٹریکنگ کے دوران راولپنڈی بس اسٹاپ سے مظفرگڑھ بس اسٹاپ اور وہاں سے ملزمان کے گھر تک کا مؤثر تعاقب کیا گیا، جس کے نتیجے میں نہ صرف لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا بلکہ ملزمان تک بھی رسائی حاصل کی گئی۔ عدالت میں دفعہ 164 کے بیانات مکمل کروانے کے بعد لڑکی کو اس کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔سب انسپکٹر محسن شبیر کی اس جرأت مندانہ اور فرض شناس کارروائی پر اے ایس پی دانیال خان اور ایس ایچ او تھانہ نیو ٹاؤن عاطف ستار نے انہیں شاباش دی اور تعریفی اسناد کے لیے نامزد کرنے کا عندیہ دیا۔ دوسری جانب، مغویہ لڑکی کے اہل خانہ اور والدین نے راولپنڈی پولیس بالخصوص ایس آئی محسن شبیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی بروقت اور مخلصانہ کوششوں سے ان کی بیٹی انہیں دوبارہ مل گئی ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں