ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کو جولائی میں 10 لاکھ روپے فراہم کیے گئے، پی ایس بی کی وضاحت
پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے آئین کی شق 11 کے تحت فیڈریشنز کواپنے انتظامی اخراجات پورے کرنے کے لیے خود فنڈز جمع کرنے کا اختیار حاصل ہے، پی ایس بی
بورڈ کی جانب سے مالی معاونت فنڈز کی دستیابی سے مشروط ہے اور اسپورٹس فنڈنگ اینڈ یوٹیلائزیشن ریگولیشنز 2025ء کے ضابطہ 12(10) کے تحت کوئی فیڈریشن مالی امداد کو اپنا حق قرار نہیں دے سکتی، پی ایس بی کی وضاحت
سپورٹس رپورٹر:نعیم روحانی
اسلام آباد(جاگیر نیوز) پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ورلڈ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کی شرکت سے متعلق میڈیا رپورٹس پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی کھیلوں کی فیڈریشنز اپنے انتظامی اخراجات پورے کرنے کے لیے خود فنڈز جمع کر سکتی ہیں۔
پی ایس بی کے مطابق پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے آئین کی شق 11 کے تحت اسے اپنے لیے فنڈز جمع کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ بورڈ کی جانب سے مالی معاونت فنڈز کی دستیابی سے مشروط ہے اور اسپورٹس فنڈنگ اینڈ یوٹیلائزیشن ریگولیشنز 2025ء کے ضابطہ 12(10) کے تحت کوئی فیڈریشن مالی امداد کو اپنا حق قرار نہیں دے سکتی۔ بورڈ نے مزید وضاحت کی کہ پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کو جولائی 2026ء میں 10 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی گئی تھی۔ پی ایس بی کے مطابق بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے مالی معاونت عموماً ایونٹ کے انعقاد کے بعد اخراجات کی واپسی کی صورت میں فراہم کی جاتی ہے، تاہم یہ ادائیگی بھی دستیاب فنڈز سے مشروط ہوتی ہے۔ بورڈ نے واضح کیا کہ اس مقصد کے لیے رقم پیشگی جاری کرنا عمومی طریقۂ کار نہیں ہے۔




