پی ایف ایف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026ءکاسنسنی خیز فائنل : پنجاب ہڑپہ نےٹائٹل جیت لیا
پنجاب ہڑپہ نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کر کے ٹرافی اپنے نام کر لی
جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلا گیا فائنل مقررہ وقت تک 1-1 سے برابر رہا اور اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی
چیمپئن شپ کے تیسری پوزیشن کے میچ میں سندھ انڈس نے بلوچستان ہنگول کو یکطرفہ مقابلے میں 6-1 سے شکست دے دی
سپورٹس رپورٹر:نعیم روحانی
اسلام آباد:(جاگیر نیوز) پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026ء کا ٹائٹل پنجاب ہڑپہ نےجیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق آ پنجاب ہڑپہ نے سنسنی خیز فائنل میچ میں کے پی کے ہمالیاز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026ء کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلا گیا فائنل مقررہ وقت تک 1-1 سے برابر رہا جبکہ اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔
کے پی کے ہمالیاز نے 26ویں منٹ میں حارث خان کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم پنجاب ہڑپہ کے حسنین علی نے 33ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ اضافی وقت میں کے پی کے ہمالیاز کو پنالٹی پر برتری حاصل کرنے کا موقع ملا، لیکن وہ فائدہ نہ اٹھا سکے۔ بعدازاں پنجاب ہڑپہ نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں کامیابی حاصل کرتےہوئے قومی انڈر 17 فٹبال چیمپئن بن گیا اور ٹرافی اپنے نام کر لی۔چیمپئن شپ کی تیسری پوزیشن کے میچ میں سندھ انڈس نے بلوچستان ہنگول کو یکطرفہ مقابلے میں 6-1 سے شکست دے دی۔ سندھ کی جانب سے احمد علی نے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر کی دس ٹیموں نے شرکت کی۔ چیمپئن شپ کا مقصد نوجوان فٹبالرز کو قومی سطح پر صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا اور اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ 2027ء کے کوالیفائرز کے لیے کھلاڑیوں کی تیاری میں مدد دینا تھا۔




