پی ایف ایف کا فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026ء کے لیے حتمی 14 رکنی اسکواڈ کا اعلان
پاکستان انڈر 15 فٹبال ٹیم 20 اکتوبر کو اسلام آباد سے باکو روانہ ہوگا، یہ فیسٹیول نوجوان شاہینوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا قیمتی تجربہ فراہم کرے گا
ٹورنامنٹ پاکستان فٹبال کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے، یہ فیفا ورلڈ کپ ایونٹ میں شرکت کرنے والا پاکستان کا پہلا اسکواڈ ہوگا،ہیڈ کوچ
اسلام آباد:(جاگیر نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ہیڈ کوچ احسان اللہ خان نے آذربا ئیجان میں منعقد ہونے والے فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026ء کے لیے 14 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ نوجوان شاہین 20 اکتوبر کو اسلام آباد سے باکو روانہ ہوں گے۔پاکستان کے حتمی سفری اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کے نام درج ذیل ہیں:
1. شیان عبدالجبار مروت،2. محمد سلمان،3. محمد عالم،4. مقبول احمد،5. شہراز خان،6. رمیز رضا
7. عامر حمزہ،8. محمد مصطفیٰ،9. الہان خان علی
10. بخشی حمال خان،11. اویس فیض،12. زین العابدین،13. دانش مسیح،14. کلیم اللہ۔
ان کھلاڑیوں نے پی ایف ایف نیشنل انڈر 17 چیمپئن شپ 2026ء میں اپنی عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر ملک کے بہترین نوجوان کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔یہ فیسٹیول نوجوان شاہینوں کو بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کا قیمتی تجربہ فراہم کرے گا، جہاں انہیں مختلف فٹبال ثقافتوں سے روشناس ہونے اور عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع ملے گا۔




