W-15 اسلام ورلڈ ٹینس ویمنز چیمپئن شپ 2026ء:ایسٹرڈ سیروٹ نےسنگلز ٹائٹل،یوڈپچ اور رو ژی وو نے ڈبلز کا تاج اپنے نام کر لیا
ویمنز سنگلز فائنل میں ایسٹرڈ سیروٹ فرانس نے کامونوان یوڈپچ تھائی لینڈ کو 3–6، 6–4، 6–2 سے شکست دی
ویمنز ڈبلز فائنل میں کامونوان یوڈپچ تھائی لینڈ، رو ژی وو چین نے اناستاسیا کوپاروف جرمنی ، سیویل یولدوشیوا ازبکستان کو 6–3، 4–6، 10–2 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا
سپورٹس رپورٹر:نعیم روحانی
اسلام آباد (جاگیر نیوز): فرانس کی آسٹرڈ سیروٹ نے ڈبلیو 15 اسلام آباد جُنید فیملی فاؤنڈیشن ورلڈ ٹینس ویمنز چیمپئن شپ کے دوسرے مرحلے میں ویمنز سنگلز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا، جبکہ تھائی لینڈ کی کامونوان یوڈپیچ اور چین کی رو ژی وو نے ویمنز ڈبلز کا تاج پہن لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے گئے سنگلز فائنل میں آسٹرڈ سیروٹ نے سخت مقابلے کے بعد تھائی لینڈ کی کامونوان یوڈپیچ کو 3-6، 6-4 اور 6-2 سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ویمنز ڈبلز فائنل میں تھائی لینڈ کی کامونوان یوڈپیچ اور چین کی رو ژی وو نے جرمنی کی اناستاسیا کوپاریو اور ازبکستان کی سیویل یولدوشیوا کو 6-3، 4-6 اور 10-2 سے ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔
اختتامی تقریب میں پاکستان میں امریکا کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ جُنید فیملی فاؤنڈیشن کے چیئرمین انصیر جنید اور ان کی اہلیہ مہمانانِ اعزاز تھے۔ مہمانوں نے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکریٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل بھی تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر فرانسیسی ٹینس کھلاڑی اراوانے رضائی کو ٹینس کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
پی ٹی ایف کے صدر اعصام الحق قریشی نے چیمپئنز اور رنر اپ کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتے ہوئے جُنید فیملی فاؤنڈیشن اور تقریب میں شریک معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے بین الاقوامی مقابلے پاکستان میں خواتین کی ٹینس کے فروغ، مقامی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر تجربہ فراہم کرنے اور ملک میں عالمی کھیلوں کے انعقاد کے لیے اہم ہیں۔




