بلی جین کنگ کپ: تمام آٹھ شریک ممالک کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئیں، پاکستان پہلی بار ایونٹ کی میزبانی کرے گا
چیمپئن شپ میں بحرین، بھوٹان، ایران، اردن، کویت، مالدیپ، پاکستان اور قطر کی خواتین کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گی
بھوٹان کی قومی ٹیم کی آمد کے ساتھ ہی تمام شریک ٹیموں کی آمد کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے
سپورٹس رپورٹر
اسلام آباد (جاگیر نیوز) پاکستان ٹینس کی تاریخ میں پہلی بار بلی جین کنگ کپ ایشیا اوشیانا گروپ تھری ٹینس چیمپئن شپ 21 سے 24 اکتوبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس کے لیے تمام آٹھ شریک ممالک کی ٹیمیں وفاقی دارالحکومت پہنچ گئی ہیں۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) ٹینس کمپلیکس، گارڈن ایونیو اسلام آباد میں ہونے والے ایونٹ میں بحرین، بھوٹان، ایران، اردن، کویت، مالدیپ، پاکستان اور قطر کی خواتین کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گی۔ بھوٹان کی قومی ٹیم کی آمد کے ساتھ ہی تمام شریک ٹیموں کی آمد کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل کرنل ضیاء الدین طفیل سمیت پی ٹی ایف انتظامیہ نے مہمان ٹیموں اور وفود کا خیرمقدم کیا۔پی ٹی ایف قیادت کے مطابق عالمی سطح کے اس اہم ایونٹ کی میزبانی پاکستان میں خواتین کی ٹینس کے فروغ، بین الاقوامی کھیلوں کے روابط مضبوط بنانے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو ہوم گراؤنڈ پر بین الاقوامی حریفوں کے خلاف صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔پی ٹی ایف کی جانب سے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔ بلی جین کنگ کپ کی میزبانی پاکستان میں بین الاقوامی ٹینس مقابلوں کے انعقاد کی صلاحیت اور کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔




