ون ڈےسہ ملکی سیریز : پاکستان نےانگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر فائنل کی راہ ہموار کرلی

عرفات منہاس کی آل راؤنڈ کارکردگی، 58 رنز کی شاندار اننگز اورچھ وکٹیں لے کر مین آف دی میچ قرار

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے،جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 38.4 اوورز میں 215 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی

سپورٹس رپورٹر

راولپنڈی (جاگیر نیوز) تین ملکی ون ڈے سیریز 2026ء کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر فائنل میں رسائی کے امکانات مزید روشن کر لیے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ڈے اینڈ نائٹ مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے،جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 38.4 اوورز میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور فخر زمان پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ صائم ایوب 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابر آعظم نے 34 اور سعد بیگ نے 35 رنز بنائے، تاہم حسن نواز اور عرفات منہاس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا ۔ حسن نواز نے 74 گیندوں پر 79 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ عرفات منہاس نے 58 گیندوں پر 59 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف نے 26 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے تیز رفتار 39 رنز اسکور کیے۔ شاہین شاہ آفریدی 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے تین جبکہ گس اٹکنسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ 303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ کی بدولت 91 رنز کا عمدہ آغاز کیا۔ بین ڈکٹ 45 جبکہ ٹام بینٹن 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جو روٹ نے 33 اور سیم کرن نے 27 رنز اسکور کیے، تاہم ابتدائی شراکت ٹوٹنے کے بعد انگلش بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکی۔پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ٹام بینٹن، ہیری بروک، جارڈن کاکس، ول جیکس، جیمی اوورٹن اور عادل رشید کو آؤٹ کیا۔ حارث رؤف نے دو جبکہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ عرفات منہاس کو عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس کامیابی کے بعد پاکستان دو میچوں میں دو فتوحات کے ساتھ چار پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آگیا ہے۔ سہ ملکی سیریز کے آئندہ مقابلوں میں 22 اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا راولپنڈی میں مدمقابل ہوں گے، جبکہ پاکستان 25 اکتوبر کو لاہور میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ سیریز کا فائنل 31 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں