ڈنمارک:رکن پنجاب اسمبلی شکیلہ جاوید آرتھر کے اعزاز میں عشائیہ
پاک ڈنمارک تعلقات اور اقلیتوں کے حقوق ،سماجی مساوات اور باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا
ڈنمارک(جاگیر نیوز): پنجاب اسمبلی کی رکن محترمہ شکیلہ جاوید آرتھر کے اعزاز میں ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ایک پروقار عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ عشائیے کی میزبانی آل پاکستان کرسچن لیگ کے رہنما نواز سلامت نے کی۔تقریب میں ڈنمارک کی معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی، جن میں عرفان گیلانی شامل تھے، جو ڈنمارک میں ایک شہر کے ڈپٹی میئر ہونے کے ساتھ ریجنل کونسل کے رکن بھی ہیں۔ اس کے علاوہ برونڈبی میونسپل کونسل کے مسلسل چوتھی مرتبہ منتخب ہونے والے رکن اور سابق ڈپٹی میئر اعجاز بخاری، جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی معروف شخصیت امتیاز سیویا بھی تقریب میں موجود تھے۔عشائیے کے دوران پاکستان اور ڈنمارک میں اقلیتوں کے حقوق، بین المذاہب ہم آہنگی، سماجی مساوات اور باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، بین المذاہب مکالمے اور مثبت سماجی اقدار کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اس سلسلے میں مستقبل میں دونوں ممالک کی متعلقہ سرکاری اور سماجی سطح پر مؤثر تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔تقریب میں گلریز غوری، عدنان لیوس، ندیم مسیح اور مبین اسلم نے بھی شرکت کی۔یہ ملاقات پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان سماجی روابط، بین المذاہب ہم آہنگی اور اقلیتوں کے حقوق کے فروغ کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی گئی۔


