بھارت کیخلاف میچ میں بابراعظم نے ’’فاسٹ بولرز‘‘ کو اہم ہتھیار قرار دیدیا

سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے بھارت کے خلاف میچ میں ’’فاسٹ بولرز‘‘ کو اہم ہتھیار قرار دے دیا۔
آئی سی سی ورلڈکپ کی تیاریوں کے حوالےسے پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ شاہین شاہ کی موجودگی میں ہمارا فاسٹ بولنگ کا شعبہ بہت مضبوط ہے، امید ہے شاہین زبردست طریقے سے کم بیک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پیسرز نے ٹیم کی کامیابیوں میں ہمیشہ اہم کردار اداکیا ہے، آسٹریلوی کنڈیشنز میں بھی وہ زبردست پرفارمنس دینے کی اہلیت رکھتے ہیں، خصوصاً حارث رؤف نے آؒخری اووز میں بہت اچھی بولنگ کرکے امپرو کیا ہے۔
بابراعظم نے کہا کہ بھارت سمیت ورلڈکپ کے ہر میچ کے لیے بیٹنگ، بولنگ کی اچھی تیاری کی ہے اور ٹورنامنٹ میں بھرپور پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ ہمیشہ ہی بہت پریشر اور جذبات سے بھرپور ہوتا ہے، دونوں ٹیموں کے فینز کیلئے یہ میچ ایک خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 23 اکتوبر کو میلبرن میں کھیلے گی۔

50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں